موجودہ حکمرانوں کی چوری پکڑی جا چکی ہے،افضل چن

موجودہ حکمرانوں کی چوری پکڑی جا چکی ہے،افضل چن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

حسن ابدال(تحصیل رپورٹر)اداروں کا احترام بڑے مگرمچھوں نے خراب کیا۔ موجودہ حکمرانوں کی چوری پکڑی جا چکی ہے۔پانامہ کیس میں دو ججو ں نے وزیر اعظم کے خلاف فیصلہ دیا ۔اخلاقی طور پر اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں بچا۔سیاست اور جمہوریت میں حیاء کو اساسی حیثیت حاصل ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی صوبہ پنجاب کے جنرل سیکرٹری محمد افضل چن نے پیپلز لیبر بیورو ضلع اٹک کے زیر اھتمام فوجی مل حسن ابدال پر یوم مئی کے حوالے سے منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آج مشکل ترین دور سے گذر رہا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مزدور کے حق کی بات کی ہے جبکہ دیگر جماعتیں سرمایا داروں کے حقوق کا تحفظ کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف فیصلہ آنے کے بعد ان کے پاس اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں بچا ۔انہوں نے کہا کہ ہر جماعت کی طرح پاکستان پیپلز پارٹی میں بھی کچھ عناصر کو گندہ انڈا کہا جا سکتا ہے مگر ہم لوگ ان کے خلاف بھی آواز بلند کر رہے ہیں۔سابق ایم این اے سردار سلیم حیدر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی صدر پیپلز لیبر بیورو سراج گل خٹک اور ان کے ساتھی پیپلز پارٹی کا قیمتی سرمایا ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بالخصوص اٹک پیپلز پارٹی کا گڑھ ثابت ہو گا۔ہم انشاء اللہ آئندہ انتخابات میں اٹک سے حکمرانوں کے خلاف رزلٹ دیں گے۔عوامی نمائندے پارٹی پلیٹ فارم سے منتخب ہو کر اسمبلیوں میں پہنچیں گے۔ انہوں نے ن لیگ میں شمولیت کی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین کی جانب سے کیا جانے والا پروپیگنڈہ ہماری عوامی مقبولیت میں کمی نہیں لا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ میرا جینا مرنا پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے ۔پارٹی ورکروں نے جو عزت دی ہے اس کے بعد ان سے بے وفائی کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ ضلعی صدر اشعر حیات خان نے کہا کہ پارٹی اٹک میں پہلے سے زیادہ مضبوط ہو چکی ہے۔ہمارے ساتھ علاقے کے مضبوط دھڑے شامل ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں مخالفین کے لیے میدان کھلا نہیں چھوڑا جائے گا۔ دیگر مقررین میں پارٹی رہنماء امتیاز عباسی۔نجیب اللہ ۔ارشد۔صدر پنجاب ٹیچرز یونین آفتاب احمد ایڈووکیٹ سمیت دیگر بھی شامل تھے جبکہ پارٹی کارکنوں اور مزدوروں کی بڑی تعداد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔