”پاک وطن پر مکمل اعتماد کرتے ہیں “، قوم پرست جسمم کے سینئر رہنما لالہ سہیل پٹھان ساتھیوں سمیت قومی دھارے میں شامل
سکھر(ڈیلی پاکستان آن لائن ) قوم پرست جماعت جسمم کے سینئر رہنما لالہ سہیل پٹھان ساتھیوں سمیت قومی دھارے میں شامل ہوگئے۔
اے آر وائے نیوز کے مطابق سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لالہ سہیل پٹھان نے جئے سندھ متحدہ محاذ سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب میرا اور ساتھیوں کا جسمم سمیت کسی بھی قوم پرست تنظیم سے کوئی تعلق نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ قوم پرست جماعتوں سے علیحدگی اختیار کرنے والے پاک وطن پر مکمل اعتماد کرتے ہیں اور وہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے خواہش مند بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم پرست جماعتیں بیرونی ایجنڈے پر کام کرتے ہوئے دھماکوں کے ذریعے ریلوے نظام کو نقصان کو پہنچا رہی ہیں، ایسے کاموں میں ملوث افراد سندھی قوم اور پاکستان کے خیر خواہ نہیں ہیں۔
لالہ پٹھان کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ ملکی مفاد میں ہے اور چینی انجینئرز کو قتل کرنے والے افراد پاکستان سے مخلص نہیں، سیکیورٹی فورسز کی حکمت عملی کی وجہ سے اب تک سینکڑوں کارکنان قوم پرست جماعتوں سے علیحدگی اختیار کرچکے ہیں۔