ڈان لیکس میں چوہوں کی قربانی سے کام نہیں چلے گا اصل مجرموں کو سامنے لایا جائے، ایک ایک کرپٹ کا پیچھا کریں گے،قومی ادارے خوف اور لالچ کے بغیر جے آئی ٹی سےتعاون کریں:سراج الحق

ڈان لیکس میں چوہوں کی قربانی سے کام نہیں چلے گا اصل مجرموں کو سامنے لایا ...
ڈان لیکس میں چوہوں کی قربانی سے کام نہیں چلے گا اصل مجرموں کو سامنے لایا جائے، ایک ایک کرپٹ کا پیچھا کریں گے،قومی ادارے خوف اور لالچ کے بغیر جے آئی ٹی سےتعاون کریں:سراج الحق

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں ہزاروں پانامہ موجود ہیں، حکمران خاندان کے بعد ان کی باری بھی آنے والی ہے، ڈان لیکس میں چوہوں کی قربانی سے کام نہیں چلے گا اصل مجرموں کو سامنے لایا جائے،

 ملک سے کرپشن کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،جماعت اسلامی نے کرپشن فری پاکستان کی جو تحریک شروع کی ہے اسے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گااور کرپشن کے کینسر کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے ایک ایک کرپٹ کا پیچھا کریں گے ،وزیر اعظم نواز شریف کے مستعفی ہونے کی نہ نہ کو ایک دن ہاں میں بدلنا ہے،قوم اسی دن کے انتظار میں ہے،  سپریم کورٹ کی طرف سے پانامہ لیکس کی مزید تحقیقات کے لئے بنایا گیا تین رکنی بنچ قابل اطمینان ہے ، اب قومی اداروں کو بغیر کسی خوف اور لالچ کے جے آئی ٹی کی معاونت کرنی چاہیے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا، اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر میا ں محمد اسلم اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم بھی موجود تھے-

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اب کرپشن اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے ،کرپشن کے باعث بے روزگاری ، مہنگائی،بدامنی اور دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے ، کرپشن کی وجہ سے قوم کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے، کرپشن نے ادارے برباد اور قوم کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، ہم کرپشن کے خلاف قوم کوپورا لائحہ عمل دینا چاہتے ہیں جس میں دیگر جماعتوں کے ساتھ وکلاءبرادری کو بھی شامل کیا جائے گا اور ان کی مشاورت سے آئندہ کالائحہ عمل طے کیا جائےگا۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیاکہ وہ جے آئی ٹی کے ساتھ ساتھ انکوائری کے لئے مزید اقدامات اٹھائیں اور تمام کارروائی سے میڈیا اورعوام کو آگاہ رکھا جائے، حکومت کی جانب سے ”بول ٹی وی“ کی بندش کے لائسنس کی منسوخی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کسی اخبار اور چینل پر پابندی کا اختیار صرف سپریم کورٹ کے پاس ہونا چاہیے - انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے صحافیوں کے حقوق کے حوالے سے قومی اسمبلی میں ایک بل پیش کیا ہے اور ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ اس بل کو جلد از جلد منظور کیا جائے- ترک صدرطیب اردگان کے دورہ بھارت کے دوران مقبوضہ کشمیر سے متعلق جرات مندانہ موقف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ترک صدر نے مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کیلئے اپنی طرف سے ثالثی کی پیشکش کرکے پاکستانی اور کشمیری قوم کے دل موہ لئے ہیں جو ہمارے حکمرانوں کے لئے بھی ایک لائحہ عمل ہے ۔کابل ، اسلام آباد تنا ؤ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستانی وفود کے کابل کا دورہ کرنے سے برف پگھلی ہے ، خطہ میں امن کے لئے افغانستان میں امن اور اس کا مضبوط ہونا ضروری ہے ، جو اس وقت تک ممکن نہیں جب تک امریکہ اور نیٹو افواج افغانستان میں موجود ہیں -انہوں نے کہا کہجماعت اسلامی 4مئی کوکرک ،5کو ٹانک،14کو گجرات اور 15کو سرگودھا میں بڑے عوامی جلسے کریگی،7مئی کو خیبر پختونخواہ میں صوبائی علماءکنونشن ہوگا تاکہ کرپشن کے خلاف عدالتوں ،ایوانوں اور چوکوں اورچوراہوں کی طرح منبر و محراب سے بھی جاندار آواز اٹھائی جاسکے، 21مئی کو پنجاب اور سندھ میں خیبر پختونخواہ کی طرز پر جے آئی یوتھ کے انتخابات ہونگے ،جماعت اسلامی آئندہ انتخابات میں یوتھ کے زیادہ سے زیادہ امیدوار میدان میں اتارے گی۔ ڈان لیکس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ تو ایسا ہی ہے ”کھودا پہاڑ نکلا چوہا“ صر ف چوہوں کی قربانی سے کام نہیں چلے گا اصل مجرموں کو سامنے لایا جائے- انہوں نے کہا کہ ادارو ں میں تنا ؤ نے ثابت کر دیا کہ اسلام آباد اندر سے کھوکھلا ہو چکا ہے اور اب میک اپ سے کام چلایا جارہا ہے، پرویز مشرف کی جانب سے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی سے متعلق بیان پرتبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشرف نجومی بننے کی کوشش نہ کریں انہیں تو یہ معلوم نہیں کہ 2018ءکے انتخابات میں وہ کہاں ہوں گے ؟-انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں صاف ستھرے لوگوں کو جماعت اسلامی کا ساتھ دینے اور انتخابات لڑنے کی دعوت دیں گے۔

مزید :

قومی -