پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے،ذکر اللہ مجاہد
لاہور (سٹی رپورٹر)امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ن لیگی حکومت نے جاتے جاتے بھی عوام دوست ہونے کا ثبو ت دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی صورت میں قوم پر پٹرول بم گرایا ہے ۔ پٹرولیم مصنوعات میں تسلسل کے ساتھ اضافہ عوام دشمن پالیسی ہے اس سے مہنگائی کا جن اور بھی بے قابو ہو جائے گا ۔ جماعت اسلامی اس اضافے کو مسترد کرتی ہے اور حکومت سے اسے فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کرتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز دفتر جماعت اسلامی لاہور میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی امتیازی خصوصیات میں مہنگائی اور لوڈشیڈنگ سر فہرست ہیں جسے عوام کبھی نہیں بھلا پائیں گے ۔ ن لیگ کی حکومت اپنے آخری ایام سے گزر رہی ہے ۔ اور اپنی غلط پالیسیوں کی وجہ سے سخت آزمائش میں مبتلا ہے ۔ چاہیے تو یہ تھا کہ عوام کے پاس جانے سے پہلے عوامی مسائل کے حل میں عوام کو ریلیف دیتی لیکن نا اہل قیادت یہ کام کرنے میں ناکام رہی ہے ۔موجودہ حکومتی بجٹ میں بھی غریب عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا ۔ الیکشن کی آمد کے ساتھ ہی سیاسی پارٹیوں کی طرف سے مسائل کے حل کے سیاسی سبزباغوں میں بھی خاطر خواہ تیزی آ جاتی ہے لیکن افسوس کہ یہ جھوٹے وعدے پورے نہیں ہوتے اور عوام کو حکمرانوں کی طرف سے جھوٹ اور منافقت کے علاوہ کچھ نہیں ملتا ۔