توہین عدالت پراحسن اقبال کو نوٹس جاری، 7مئی کو طلب
لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ کے 3رکنی فل بنچ نے عدلیہ مخالف تقریر پر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے،جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں قائم 3رکنی فل بنچ نے سابق وزیر اعظم میاں محمدنواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز کے خلاف عدلیہ مخالف تقاریر پر ایک ہی نوعیت کی مختلف درخواستوں پر سماعت کی جس میں نواز شریف اور مریم نواز کی عدلیہ مخالف تقاریر کی نشریات کے اقدام کو چیلنج کیا گیاہے، سماعت کے دوران سول سوسائٹی کی رکن آمنہ ملک کے وکیل اظہر صدیق نے نشاندہی کی کہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے عدلیہ مخالف تقریر کی جو چینلز پر نشر کی گئی،تین رکنی فل بنچ کے سربراہ نے استفسار کیا کہ گزشتہ سماعت کے بعد کوئی عدلیہ مخالف تقریر نشر ہوئی جس پر اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے نشاندہی کہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے ایسی تقریر کی ہے جوتوہین عدالت کے زمرے میں آتی ہے، اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے استدعا کی وفاقی وزیر احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے. عدالت عالیہ نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی نشاندہی پر وفاقی وزیر احسن اقبال کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں اور ہدایت کی ہے کہ وفاقی وزیر 7مئی کو ذاتی حیثیت میں عدالت کے روبرپیش ہوں ۔
احسن اقبال طلب
اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ انہوں نے عدالت کی توہین نہیں کی، عدالت نے بلایا ہے تو وہ حاضر ہو جائیں گے۔اسلام آباد میں یو این ڈی پی کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا کہ نیب نے نارووال کے جس اسپورٹس سٹی کمپلیکس کے بارے میں نوٹس لیا ہے وہ پاک بھارت سرحد سے 400میٹر نہیں بلکہ 10کلومیٹر فاصلے پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ لاہور ڈی ایچ اے تو سرحد کے ساتھ ہے، انہوں نے سوال کیا کہ کیا سرحد کے ساتھ واقعہ علاقوں میں ترقی نہیں ہونی چاہیے ؟قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان ڈوبتا ہوا نہیں بلکہ ابھرتا ہوا پاکستان ہے۔ آج کا پاکستان سال 2013 کے پاکستان سے بہت بہتر ہے
احسن اقبال