خواجہ آصف کی نااہلی فیصلے کیخلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر

خواجہ آصف کی نااہلی فیصلے کیخلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی ) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اپنی نااہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا جبکہ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے 4 مئی کو سماعت کیلئے مقرر کردی۔خواجہ آصف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ کاغذات نامزدگی میں بیرون ملک کا بینک اکاؤنٹ غیر ارادی طور پر ظاہر نہ کر سکا، اکاؤنٹ میں کاغذات نامزدگی کے ڈکلیئرڈاثاثوں کی 0.5 فیصد رقم تھی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ موجودہ رٹ دائر ہونے سے قبل بینک اکاؤنٹ اور اقامہ ظاہر کر چکا تھا۔خواجہ آصف نے عدالت سے استدعا کی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ اور قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن ختم کیا جائے۔سپریم کورٹ نے نااہلی کے خلاف خواجہ آصف کی اپیل سماعت کیلئے مقرر کردی جس پر جمعہ کو سماعت کی جائے گی۔سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بغیر شواہد غیر فعال بینک اکاؤنٹ کو ظاہر نہ کرنا بدنیتی قرار دیا جب کہ عدالتی فیصلے میں ملکی اور یو اے ای قوانین کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔خواجہ آصف نے کہا کہ ہائیکورٹ نے درخواست گزار کے رویے کو بھی سامنے رکھنا ہوتا ہے جب کہ درخواست گزار نے عدالت سے حقائق چھپائے۔خواجہ آصف نے کہا کہ کاغذات نامزدگی میں 6.8 ملین روپے کی بیرونی آمدن کو ظاہر کیا اور ظاہر کردہ آمدن میں تنخواہ بھی شامل تھی جب کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے قیاس آرائیوں پر مبنی فیصلہ دیا۔رہنما (ن) لیگ نے مزید کہا کہ رٹ 2017 میں دائر ہوئی اور 2015 میں اقامہ ظاہر کیا، اس لیے خود سے اکاؤنٹ ظاہر کرنے کے عمل کو بدنیتی نہیں کہا جا سکتا۔
خواجہ آصف
سیالکوٹ(بیورورپورٹ) سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ نواز شریف کے ساتھ ہر موقع پر کھڑا رہا ہوں نواز شریف نا اہل ہو اتو میں نااہلی میں بھی قائد کے ساتھ کھڑا ہوں عوام کی عدالت میں پانچ سال قبل شکست کھانے والوں کو آئندہ بھی شکست ہو گی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن 2018میں آ پ کا فیصلہ میری جیت ہو گی سپریم کورٹ کے سامنے انصاف کے لئے اپیل کر رہا ہوں میرے صادق اور امین ہونے کا فیصلہ آپ نے کرنا ہے ۔ 28سالہ سیاست میں 6مرتبہ وزیر اور ایک مرتبہ سینیٹر بنا ، عدالت کے فیصلے کی طرف نہیں اللہ کی رحمتوں کو دیکھ رہا ہوں ۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کا سیالکوٹ آمد پر مختلف استقبالیہ کیمپوں میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ میں نااہلی کے فیصلے کو نہیں دیکھ رہا اپنے اٹھائس سالہ دور میں آپ کی محبت کو دیکھ رہا ہوں 2002 میں جب فوجی آمریت کا سورج عروج پر تھا آپ نے تب بھی مجھ سے وفا داری کی تھی آپ کی دی ہوئی عزت کو میری آنے والی نسلیں بھی نہیں بولیں گی،مجھے سے سارے مرتبے چھینے جا سکتے ہیں لیکن بحیثیت سیاسی ورکر کا مرتبہ نہیں چھین سکتا،مجھے کسی نے ٹویٹ کیا کہ تم نااہل ہو چکے ہو تم نے وزیر خارجہ لکھا ہوا ہے،میں نے وہ ختم کر دیا میں صرف نواز شریف کا سپاہی ہوں پوری مسلم لیگ متحد ہو کر آج اسٹیج پر بیٹھی ہوئی ہے،میں بحیثیت سیاسی ورکر اپنے شہر کی خدمت کرتا رہوں گامیں نے گزشتہ پانچ سالوں میں جہاں خدمت کی ہے وہاں کوتاہیوں بھی کی ہوں گی میرے میں کوئی تلخی نہیں ہے مجھ پر مشکل وقت آیا مجھے ہتھکڑہاں لگیں تو میں نے گلہ نہیں کیا میں ہر حال میں اللہ کا شکر ادا کیا اگر آج آپ کی نمائندگی کا حق مجھ سے چھینا گیا ہے یہ وقت بھی زیادہ دیر نہیں رہے گا۔

مزید :

صفحہ اول -