قبلہ اول کے امام کے بیرون ملک سفر پر پابندی
مقبوضہ بیت المقدس (صباح نیوز) اسرائیلی حکام نے مسجد اقصی کے امام وخطیب، سپریم اسلامی کونسل کے چیئرمین الشیخ عکرمہ صبری کے بیرون ملک سفر پر ایک ماہ کی پابندی عائد کر دی ۔الشیخ عکرمہ صبری نے غیرملکی خبررساں ادارے کو بتایا کہ خدشہ ہے کہ اسرائیلی حکام ان کے بیرون ملک سفر پر چار ماہ تک پابندی برقرار رکھیں گے۔
الشیخ صبری نے سفر پر پابندی کو بلا جواز، ظالمانہ اور غیرقانونی قرار د یتے ہوئے کہا کہ ان کے بیرون ملک سفر پر پابندی ظالمانہ اقدام ہے جس کا کوئی آئینی اور اخلاقی جواز نہیں۔خیال رہے کہ اسرائیلی حکام کی طرف سے الشیخ عکرمہ صبری کے بیرون ملک سفر پر ایک ایسے وقت میں پابندی لگائی گئی ہے جب وہ آئندہ ہفتے استنبول میں ہونے والی فقہ اکیڈمک کانفرنس میں شرکت کے لیے ترکی جانے کی تیاری کررہے تھے۔
اس کانفرنس میں دنیا بھر سے جید علما کرام کو مدعو کیا گیا ۔خیال رہے کہ الشیخ عکرمہ صبری کے بیرون ملک سفر پر پابندی کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ ان پر ماضی میں پانچ بار بیرون ملک سفر پر پابندیاں عائد کی جاتی رہی ہیں۔
قبلہ اول