شوبز راؤنڈاپ

شوبز راؤنڈاپ

  

پیار اور محبت کے بغیر زندگی بے معنی ہے،غلام غوث انجم بھٹی

اداکارہ و ماڈل غلام غوث انجم بھٹی نے کہا ہے کہ میں اس بات پر مکمل یقین رکھتی ہوں کہ انسان جو بوتا ہے وہی کاٹتا ہے ۔میں ان دنوں نجی یونیورسٹی سے انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کررہا ہوں۔زندگی میں پیار اور محبت لازمی ہے اس کے بغیر زندگی بے معنی ہوجاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں جو بھی دل و دماغ میں آیا اس کو ٹھان کر محنت کی جس کی وجہ سے مجھے خدانے عزت و شہرت اور مقام دیا ۔ میرا ظاہر اور باطن ایک ہے جو بات دل میں ہوتی ہے وہ بیان کرنے سے گریز نہیں کرتاجس کی وجہ سے بعض مرتبہ مجھے تنقید کاسامنا بھی کرنا پڑتا ہے لیکن مجھے اس کی پرواہ نہیں کیونکہ میں اپنے ضمیر کو مردہ نہیں بنا سکتا ۔

ماہ نور والدہ کے ہمراہ بینکاک میں سیر و تفریح میں مصروف

اداکارہ و ماڈل ماہ نوران دنوں اپنی والدہ کے ہمراہ بینکاک میں سیر و تفریح میں مصروف ہیں۔ماہ نور کا کہنا ہے کہ مجھے جب بھی وقت ملتا ہے میں سیر و تفریح ضرور کرتی ہوں ۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں فیشن انڈسٹری تیزی سے ترقی کررہی ہے‘ملکی ڈیزائنروں اورماڈلزنے بیرون ملک اپنی صلاحیتوں کو منواکروطن کانام روشن کیا۔ ان کا کہناہے کہ میں نے فیشن انڈسٹری میں اپنی صلاحیتوں کومنواناہے ماڈلنگ میں میر ی بہت حوصلہ افزائی ہوئی ہے لیکن اس وقت میری صلاحیتیں منظرعام پرآئیں جب میرے کمرشلزآن ائیر ہوئے تھے حال ہی میں نئے کمرشلز شوٹ کروائے ہیں جلد ہی نئے پراجیکٹس شروع کرنے والی ہوں ۔ 

ہمارے فنکاربڑے باصلاحیت اور ورسٹائل ہیں ،مایا سونو خان

اداکارہ و ماڈل مایا سونو خان نے کہا ہے کہ پاکستانی فنکاروں نے اپنے فن سے پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کیا ہے ،ہمارے فنکاربڑے باصلاحیت اور ورسٹائل ہیں پوری قوم کو اپنے فنکاروں پر فخر کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ دورحاضر کی تمام ٹی وی کمرشلزمیں بھارتی فنکاروں کو کاسٹ کیا جارہا ہے اوراپنے فنکاروں کو نذر انداز کیا جارہا ہے اور اس اقدام سے پاکستانی فنکاروں کی حق تلفی ہو رہی ہے۔

معروف چائلڈ سٹار ماڈل حمنہ عامر کی ویڈیو مکمل

معروف چائلڈ سٹار ماڈل حمنہ عامر نے گزشتہ روز نئے وڈیو کی شوٹنگ میں حصہ لیا جسے ایورنیو سٹوڈیو میں مکمل کیا گیا۔اس وڈیو میں حمنہ عامر کو صباقمر کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا جنہوں نے اس وڈیو میں مرکزی کردار کیا ہے جبکہ ان کے ساتھ بہت سے بچوں نے بھی حصہ لیا۔ یہ وڈیو خواتین اور بچوں کے ساتھ ہونے والے جنسی استحصال بارے شعور اجاگر کرنے کے لئے بنائی گئی جس کے لئے گیت شجاع حیدر نے گایا ہے اور اس وڈیو کو’’جیون دان‘‘کا ٹائٹل دیا گیا ہے۔پوسٹ پروڈکشن کی تکمیل کے بعد وڈیو کو جلد ہی ریلیز کردیا جائے گا۔واضح رہے کہ حمنہ عامر اس سے پہلے بہت سے کمرشلز ار ڈراموں میں بھی کام کرچکی ہیں۔

لاہورآرٹس کونسل کے زیر اہتمام گوشۂ گیان کی چھٹی نشست

لاہورآرٹس کونسل الحمراء کے زیر اہتمام گوشۂ گیان کی چھٹی نشست میں ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل الحمراء کیپٹن(ر)عطاء محمد خان نے الحمراء آرٹس کونسل کے نئے تعینات ہونے والے بورڈ آف گورنز کے چیئرمین توقیر ناصر کو خوش آمدید کہا ۔انھوں نے کہا کہ بطور قوم آگے بڑھنے کا راز آرٹسٹ کی عزت میں پنہاں ہے یہ ایک حقیقت ہے الحمراء میں آرٹسٹ کو بہت عزت دی جاتی ہے۔ انھوں نے گوشۂ گیان کی چھٹی نشست کے مہما ن سید نورکی پاکستانی فلم انڈسٹری کے لئے کی جانے والی خدمات کو سراہا ۔چیئرمین الحمراء توقر ناصر نے گوشۂ گیان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہاں بے شمار آرٹسٹ کو دیکھ کر خوشی ہے،ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل الحمراء کیپٹن(ر)عطاء محمد خان کے ساتھ مل کر کام کریں گے ،جتنا کام یہ کرچکے ہیں وہ قابل ستائش ہے ۔انھوں نے کہا کہ ہم آرٹسٹوں کے لئے الحمراء آرٹس کونسل میں ریڈ کارپٹ بچھا دیں گے۔نامور فلم ڈائریکٹر سید نور نے فلم کے عروج و زوال کے اسباب پر سیر حاصل گفتگو کی اور اس شعبہ کے مستقبل کے چیلنجز سے متعلق نوجوانوں کو آگاہ کیااور سامعین کے سوالوں کے جواب دیئے۔ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن آفتاب احمد انصاری، نامور فلم ڈائریکٹر حسن عسکری سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض نیاز حسین لکھویرا نے ادا کئے۔

لاہورآرٹس کونسل نمائش بعنوان’’شوگر گھٹاؤ‘‘ ،پیر بچاؤ‘‘ کا انعقاد 

لاہورآرٹس کونسل الحمراء میں ایک نمائش بعنوان’’شوگر گھٹاؤ‘‘ ،پیر بچاؤ‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔جس کا افتتاح ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمراء کیپٹن(ر)عطاء محمد خان نے کیا۔پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان وائس چانسلر کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمراء کیپٹن(ر)عطاء محمد خان نے کہا کہ نمائش کا مقصد ڈاکٹرز، پبلک اور مریضوں میں فٹ کیئر سے متعلق آگاہی پیدا کرناہے،انھوں نے مزید کہا کہ شوگر کی پیچید گیوں سے جہاں دماغ آنکھوں ،گردوں اور دیگر اعضاء مثاثر ہو سکتے ہیں وہاں معاشرتی حسن کو برقرارکھنے کے لئے صحت مند سماج کا قیام ضروری ہے۔اس موقع پر انچارج DFCاور معروف ماہر ذیابطیس وفٹ کیئر ڈاکٹر محمد ارشد صدیقی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ IDFکے اعدادو شمار کے مطابق ہر 30سیکنڈ کے بعد دنیا میں ایک ٹانگ یا پاؤ ں محض ذیابطیس کی وجہ سے کاٹی جارہی ہے ۔جسے ہر وقت آگاہی ،حفاظتی تدابیر کے موثر ابلاغ و تفہیم نہایت ضروری ہے۔نمائش میں لوگوں کی بڑ ی تعداد نے شرکت کی۔

فلمی صنعت کے بحران نے گلوکاروں کو گھر بٹھا دیا ،رفیق حسین

موسیقار وگلوکاررفیق حسین نے کہا ہے کہ فلمی صنعت کے بحران نے بہت سے گلوکاروں کو گھر بٹھا دیا ہے لیکن مایوس کن صورتحال کے باوجود بہتری کی توقع رکھنی چاہئے کیونکہ اچھے دن لوٹ کر ضرور آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ جب کچھ عرصہ پہلے زیادہ فلمیں بن رہی تھیں تو بہت سے نئے گلوکاروں کو بھی مواقع ملے لیکن اب حالات بہت مختلف ہیں۔ گلوکاروں کو اپنا وجود برقرار رکھنے کے لئے شوز وغیرہ کرنا پڑتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں بڑے بڑے گلوکار لائیو گانے سے گھبراتے ہیں اور ریکارڈ شدہ گانوں کا سہارا لیتے ہیں لیکن میں ہمیشہ لائیو گانے کو ترجیح دیتا ہوں۔

نئے ٹیلنٹ کو پرموٹ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،میگھا

فلم ،ٹی وی اور سٹیج کی معروف اداکارہ،ماڈل اور پرفارمر قتالہ سٹیج میگھانے کہا کہ بھارتی فلموں کی نمائش سے خوفزدہ ہونے کی بجائے ان کامقابلہ کر نا ہوگا اگر پاکستان میں بھی میعارکو تر جیح دی جائے تو ہم بھی اپنی انڈسڑی کو مضبوط بنا سکتے ہیں نئے ٹیلنٹ کو پرموٹ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اب ہماری فلمیں اچھی بن رہی ہیں اور اگر ہم اسی طر ح میعار کے مطابق کام کرتے رہیں تو اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ہم فلم انڈسڑی میں بھارت کا نہ صرف مقابلہ کر سکتے ہیں بلکہ ان سے مقابلے میں بہت زیادہ بہتر بھی ہوسکتے ہیں ۔

سٹیج ڈراموں میں فحش رقص کے خلاف ہیں،نشاء بھٹی

اداکارہ و پرفارمرنشاء بھٹی نے کہا ہے کہ پاکستان میں فلم انڈسٹری کے حالات تو اچھے نہیں تاہم ٹی وی اور تھیٹر انڈسٹری نے بہت ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے فلم اور سٹیج آرٹ کے دونوں شعبوں میں کام کیا ہے لیکن مجھے سب سے زیادہ مزا سٹیج ڈراموں میں کام کر کے آیا ہے کیونکہ سٹیج پر لائیو پر فارمنس ہوتی ہے اور لائیو پرفارمنس کارسپانس موقع پر ہی مل جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سٹیج ڈراموں میں رقص ہونا چاہئے لیکن وہ فحش رقص کے خلاف ہیں۔

بالی ووڈ فلموں میں کو ئی دلچسپی نہیں ہے،اداکارہ و ماڈل رباب رانا

اداکارہ و ماڈل رباب رانانے کہا ہے کہ ان کو بالی ووڈسے متعدد آفرز آچکی ہیں تاہم ان کو بالی ووڈ فلموں میں کو ئی دلچسپی نہیں۔انہوں نے کہا کہ انہیں بالی ووڈ سے متعدد آفرزموصول ہوئیں تاہم انہوں نے وہ مسترد کردیں کیونکہ وہ سوشل میڈیا سٹار بننے پر مطمئن ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں سوشل میڈیا سٹار ہوں اور مجھے یہی پسند ہے مستقبل میں شوبز میں آنے والے نئے افراد کیلئے ایک

پلیٹ فارم تشکیل دینا چاہتی ہیں کیونکہ ایسے افراد کو رکاوٹوں اور مسائل کا سامنا ہوتا ہے جس کی وجہ سے انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع نہیں ملتا۔

سینئرز کی عزت ور جونیئر زسے پیار اخلاق سے پیش آتی ہوں ،دانیا انور

اداکارہ و ماڈل دانیا انور کا کہنا ہے کہ مقابلہ بازی پر نہیں صرف کام پر توجہ دیتی ہوں مجھے مقابلہ بازی سے سخت نفرت ہے میں ساتھی فنکاروں سے بھی اپیل کرتی ہو ں کہ ہمیں ایک دوسرے سے پیار محبت اور چاہت سے پیش آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ میں نے تھیٹر میں کبھی کام نہیں کیا ہے خدا نے ٹی وی پر بے پناہ کامیابی دی ہے ۔آج میں جس مقام پر ہو ں یہ میری محنت اور لگن کا نتیجہ ہے سینئرفنکاروں کی عزت کرتی ہوں اور جونیئر سے پیار اخلاق سے پیش آتی ہوں یہ ہی میری زندگی کا سرمایہ ہے۔

فلم"وجود"کا پہلا ٹیزر ریلیز

اداکار جاوید شیخ کی پروڈکشن اورڈائریکشن میں بنائی جانے والی فلم"وجود"کا پہلا ٹیزر ریلیز کردیا گیا ہے جسے بہت زیادہ پسند کیا جارہا ہے .اس فلم میں دانش تیمور ،جاوید شیخ اور سعیدہ امتیاز سمیت بہت سے فنکاروں نے کام کیا ہے جبکہ فلم کی شوٹنگ ترکی ا اور پاکستان میں کی گئی۔فلم عید الفطر پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جس کے بارے میں جاوید شیخ کا کہنا ہے کہ شائقین کو ایک بہترین فلم دینے کے لئے بہت محنت کی گئی ہے۔

مظہرراہی نے نیا گانا’’رانجھا‘‘ مکمل

بین الاقوامی شہرت یافتہ بھنگڑا سٹار گلوکار مظہرراہی نے اپنا نیا گانا’’رانجھا‘‘ مکمل کرلیا۔ اس نئے گانے کی ریکارڈنگ گذشتہ روز کلک سٹوڈیومیں مکمل کی گئی۔اس گانے کی موسیقی استاد ججا نے ترتیب دی ہے جبکہ اس گانے کی شاعری ملک آصف شہزاد کی لکھی ہوئی ہے مظہرراہی نے بتایاکہ اس گانے کی ویڈیو کا آغاز اسی ہفتے کردیا جائے گا جسے لاہور اور اس کے مضافات میں مکمل کیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ اس کی لوکیشنز فائنل کی جاچکی ہیں بس ماڈل کا انتخاب باقی ہے جیسے ہی ماڈل فائنل ہوگی اس کی ویڈیو ریکارڈنگ شروع کردی جائے گی مظہرراہی نے مزید بتایاکہ انہوں نے اپنے ایک اور نئے گانے کی ریکارڈنگ شروع کردی ہیں جسے مکمل ہوتے ہی اس کی بھی ویڈیو بنائی جائے گی اور ان گانوں کو عید سے قبل ہی سوشل میڈیا اور چینلز پر ریلیز کردیا جائے گا۔

فلم’’پروازہے جنون‘‘کا دوسرا پرومو جاری، شائقین کی پذیرائی

مومنہ اور درید اور ہم فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم "پرواز ہے جنون"کے پہلے ٹریلر کی شائقین میں مقبولیت کے بعد فلم کا دوسرا ٹریلر بھی ریلیز کردیا گیا۔ فلم میں پاکستان ایئر فورس کو ان کی لاجواب خدمات اور لازوال عزم و حوصلے کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے حمزہ علی عباسی اور شاز خان کو پاکستان ایئرفورس کے فائٹر پائلٹ کے طورپر دکھایا گیا ہے،جذبہ حب الوطنی ، جوش و خروش اور ایڈونچر سے بھرپو ر فلم کا شائقین فلم کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں، فلم عید الفطر پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں بڑے پردے کی زینت بنے گی ۔ جاری کئے جانے والے دوسرے ٹریلر میں جذبہ حب الوطنی اور ایڈونچرسے بھرپور فلم کے سانس روک دینے والے مناظر نسباط ویلی میں فلمائے گئے ہیں، جہاں اپنے مقاصد کو حاصل کرنے کے جنون سے سرشار ایئرفورس کے کیڈٹس کو ان کی تربیت حاصل کرتے دکھایا گیا ہے،جہاں کی دشوار ترین چوٹیاں اور ان کے مشکل ترین راستے ان جوانوں کے عزم و حوصلے کے راستے میں کوئی معنی اور اہمیت نہیں رکھتے ، فلم میں احد رضا میر کو ایک ایسے کیڈٹ کے روپ میں دکھایا گیا ہے جو پوری دنیا کو فتح کرنے کے جذبے سے سرشار ہے،ٹریلر میں احد رضا میر اور ہانیہ عامر کے ساتھ شفاعت علی کو بھی دکھایا گیا ہے۔ فلم کے مرکزی کرداروں میں حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر، احد رضا میر، اور شاز خان شامل ہیں ، فلم کی ہدایات حسیب حسن نے دیں ہیں جبکہ کہانی فرحت اشتیاق نے تحریر کی ہے، فلم عید الفطر پر ریلیز کی جائے گی، جس کی ملک بھر میں تقسیم کی ذمہ داری ہم فلمز کے سپر د ہے۔ 

فضاعلی کا شوبز سے ناطہ توڑنے کا اعلان

ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ ،ماڈل و میزبان فضاعلی نے دوسری شادی کے بعد شوبز انڈسٹری سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ناطہ توڑنے کا اعلان کیا ہے فضا علی نے شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا ہے جس کی وجہ ان کی دوسری شادی ہے۔ فضاعلی نے دوسری شادی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے شوبز سے مکمل طور پر کنارہ کشی کا اعلان بھی کیا ۔ فضا علی نے بتایا کہ ان کا نکاح جمعہ کے روز ایاز ملک کے ساتھ ہوا جن کا تعلق نہایت مذہبی فیملی سے ہے اور انہی کے کہنے پر میں نے کیرئر کی قربانی دی ہے۔ میری خواہش تھی کہ مجھے کوئی ایسا شخص ملے جو میری شہرت کی بجائے مجھ سے پیار کرے اور یہ شخص مجھے ایاز ملک کی صورت میں ملا ہے جس نے مجھے نئی زندگی کا احساس دیا۔انہوں نے کہا کہ میں رمضان المبارک کے تیسرے عشرے عمرے کی ادائیگی کے لئے جارہی ہوں۔سب سے گزارش ہے کی میرے نئے سفر کی کامیابی کے لئے دعا کریں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اے آر وائی کے پروگرام" عیدی سب کے لئے" کنٹریکٹ کے مطابق ختم کرنے کے بعد شوبز مکمل طور پر چھوڑ دوں گی اور پھر کبھی کام نہیں کروں گی۔شادی کے بعد فضا نے اپنا نام فضا ایاز ملک لکھنا شروع کردیاہے۔ اور اس حوالے سے سوشل میڈیا پر نیا سٹیٹس بھی لکھ دیا ہے۔

علی ظفر اور میشا شفیع کے حوالے سے شوبز سٹارز کے بیانات کا سلسلہ جاری

سینئر اداکارہ و ماڈل ریشم کا حمایت اور نادیہ حسین کا مخالفت میں اظہار خیال

میشا شفیع کی جانب سے گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کئے جانے کے بعد مختلف شوبز سٹارز کی جانب سے بھی بیانات کا سلسلہ جاری ہے، جس میں حمایت و تنقید کے دونوں پہلو نظر آرہے ہیں۔ اداکارہ ریشم اور ماڈل نادیہ حسین نے بھی اس تنازع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔نادیہ حسین نے میشا شفیع کی حمایت میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک سمجھدار خاتون ہیں اور وہ بغیر ثبوت ایسی بات نہیں کرسکتیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے کیسز میں متاثرہ شخص کی کردار کشی کے بجائے اسے اپنی بات ثابت کرنے کا موقع دینا چاہیے۔سینئراداکارہ وماڈل ریشم کا کہناہے کہ گھر سے باہر کام کرنے والی خواتین مردوں کو شٹ اپ کال دینا جانتی ہیں اور انہیں یہ پتہ ہوتا ہے کہ کسی مرد کو کس حد تک رکھنا ہے۔ریشم نے کہا، ہم جس دور میں سانس لے رہے ہیں کیا اس دور میں ممکن ہے کہ علی ظفر کسی کو ہراساں کریں اور آگے سے وہ عورت ان کو تھپڑ، جوتی نہ مارے یا ان کی بیوی سے جاکر شکایت نہ کرے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اداکاراؤں کا کام سکرین پر سچ کو جھوٹ کرکے پیش کرنا ہوتا ہے، لوگوں کو انٹرٹین کرنا ہوتا ہے، ہم روز مردوں کے ساتھ ہی کام کرتے ہیں، ایسا کبھی نہیں ہوتا۔ریشم نے مزید کہا کہ وہ علی ظفر کو 20 سال سے جانتی ہیں، وہ بہت عزت دینے والے شخص ہیں۔

پنجابی فلم ’’دھرتی وارث شاہ‘‘کی کاغذی کاروائی مکمل

نئی پنجابی فلم’’دھرتی وارث شاہ دی‘‘ کی کاغذی کاروائی مکمل ،کاسٹ مکمل ہوتے ہی عکسبندی کا آغاز کردیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار فلمساز رانا عبدالغفار نے کیا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ فلم کے ہدائتکار نذیرسلطانی ہیں جو ان دنوں مقامی سٹوڈیومیں اس کا میوزک تیار کروا رہے ہیں اس فلم کے گیت جاوید ساجن کے لکھے ہیں ہیں۔رانا عبدالغفار نے کہاکہ اس فلم کی کچھ کاسٹ مکمل کی جاچکی ہے جبکہ باقی کاسٹ کے لئے نئے چہروں کے آڈیشن لیئے جارہے ہیں جیسے ہی اس کی کاسٹ مکمل ہوگی ہم فلم کا آغاز کردینگے اس فلم کے معاون فلمساز نورحسین شاہین ہیں جو دوبئی میں مقیم ہے رانا عبدالغفار نے مزید کہاکہ اس فلم کی تمام تر عکسبندی اوریجنل لوکیشنز پر مکمل کی جائے گی کوئی سیٹ نہیں لگایا جائے گا اور مجھے امید ہے کہ اس فلم کو فلم بین مدتوں یاد رکھیں گے۔

میشا شفیع بلیک میل کرنے کی خاص صلاحیت رکھتی ہیں،سابق منیجرفہد رحمن

میشا شفیع کے سابق مینجر فہد رحمن نے کہا ہے کہ میشا کسی کو بھی بلیک میل کرنے کی خاص صلاحیت رکھتی جس کا عملی شکار میں خود بھی ہوچکا ہوں۔انہوں نے کہا کہ یہ میری بدقسمتی ہے کہ میں میشا کے ساتھ کام کرتا رہا ہوں۔اس کے غصے اور بدمزاجی کے ساتھ ساتھ میں نے بہت سی چیزیں برداشت کیں۔فہد نے مزید کہا کہ ایک بار میشا نے مجھے شو سے صرف پانج منٹ پہلے یہ کہہ کر بلیک میل کیا اگر میں نے اپنی کمیشن نہ چھوڑی تو شونہیں کروں گی جس کے بعد پاکستان واپس آکر میں نے اس کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا۔میں دونوں کو بیس سال سے جانتا ہوں مجھے یہ تو نہیں پتہ کے دونوں کے درمیان کیا ہوا ہے لیکن اتنا ضرور جانتا ہوں کہ میشا میں بلیک میل کرنے کی صلاحیت ضرور موجود ہے۔

میشا شفیع کا گلوکار و اداکار علی ظفر کے خلاف جوابی کاروائی کا فیصلہ

گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع نے گلوکار و اداکار علی ظفر کے خلاف جنسی ہراساں کیے جانے کے الزامات کے حوالے سے قانونی معاونت حاصل کرلی۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے میشا شفیع نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں علی ظفر پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا، تاہم علی ظفر نے اس کی تردید کردی تھی۔ گذشتہ روز گلوگار کی جانب سے میشا شفیع کو قانونی نوٹس بھی بھجوا دیا گیا، جس میں ان سے معافی کا مطالبہ کیا گیا۔ اور اب میشا شفیع نے اس کیس کے سلسلے میں قانونی معاونت حاصل کرنے کا اعلان کردیا۔ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں میشا نے لکھا کہ 'انہوں نے علی ظفر پر جنسی ہراساں کیے جانے کے الزامات سے متعلق کیس کے لیے بیرسٹر محمد احمد اور نگہت داد کی خدمات حاصل کی ہیں'۔ میشا کا مزید کہنا تھا کہ 'کیس کے تمام معاملات بیرسٹر محمد احمد اور نگہت داد دیکھیں گی، میڈیا سے گزارش ہے کہ اس کیس کے حوالے سے کسی بھی قسم کی اَپ ڈیٹ کے لیے ان کے وکلاء سے رابطہ کریں'۔

مزید :

ایڈیشن 2 -