جاپان کی سیلاب، خشک سالی سے نمٹنے کیلئے تعاون کی پیشکش

جاپان کی سیلاب، خشک سالی سے نمٹنے کیلئے تعاون کی پیشکش

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (آئی این پی )جاپان نے پاکستان کو سیلابوں اور خشک سالی سے نمٹنے کیلئے تعاون کی پیشکش کی ہے۔ یونیسکو اور سائل اینڈ واٹر کنزرویشن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ پنجاب کے زیر اہتمام معاشرے کا قدرتی آفات سے بچا کیلئے مجموعی کردار کے عنوان سے دو روزہ بین الاقوامی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس کا مقصد معاشرہ بالخصوص نوجوان طبقہ کو قدرتی آفات بالخصوص سیلاب اور خشک سالی کے متعلق آگاہی دینا اور ان سے نمٹنے کیلئے تربیت فراہم کرنا تھا۔ورکشاپ کے مہمان خصوصی جاپان کے سفیر ہیروشی اناماتا اور پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے چیئرمین، ڈاکٹر یوسف ظفر تھے۔ اس موقع پر جاپانی سفیر نے کہا قدرتی آفا ت سے بہت زیادہ جسمانی اور مالی نقصانات ہوتے ہیں۔جن سے نمٹنے سے آگاہی دینا ہو گی۔ طلباطالبات کو بھی ایسی آفات سے نمٹنے کیلئے تیار ،زمینی اور آبی اسٹرکچر بنانے پر کام کرنا ہو گا۔ پاکستان بھی جاپان کے تجربات سے استفادہ کر کے سیلابوں اور خشک سالی کے نقصانات کو کم کر سکتا ہے۔ جاپان حکومت بھی ہر طرح کی فنی ، پیشہ ورانہ اور مالی معاونت کیلئے تیار ہے۔ یونیسکو کے ریجنل ڈائریکٹر بیوروفار ایشیا ڈاکٹر شہباز خان نے میڈیا بریفنگ میں کہا2010 میں پاکستان میں آنیوالے سیلاب کے بعد حکومت جاپان یونیسکو سے مل کر کام کر رہی ہے ۔ڈاکٹر یوسف ظفر، چیئرمین، پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل نے اس موقع پر یونیسکو اور سائل اینڈ واٹر کنزرویشن کی پاکستان میں سیلاب اور خشک سالی سے نمٹنے کیلئے کی جانی والی کوششوں کو سراہا ۔ مستقبل میں پاکستان میں پانی کی شدید کمی واقع ہو سکتی ہے جس کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لا کر اس پر قابو پانا ہو گا۔ ڈائریکٹر سائل اینڈ واٹر کنزرویشن انسٹی ٹیوٹ ، ڈاکٹر طارق نے کہا ان کا ادارہ آبی و زمینی وسائل پر تحقیق کر رہا ہے جس سے قدرتی آفات پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

مزید :

صفحہ آخر -