عمران خان کے 11نکات کے مقابلے میں 11ہزار ترقیاتی منصوبے پیش کریں گے :شہباز شریف

عمران خان کے 11نکات کے مقابلے میں 11ہزار ترقیاتی منصوبے پیش کریں گے :شہباز شریف

  

لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔ جن میں سیاسی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں کے امو رپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ارکان اسمبلی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو سندھ اور خیبرپختونخوا کے کامیاب دوروں کی مبارکباد دی اور ان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے عوام کی فلاح و بہبود کے ترقیاتی ایجنڈے کو پورا کرنے کیلئے شب و روز محنت کی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت کی بدولت لوگوں کے دلوں میں گھر کر چکی ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) فلاحی پروگرام اور ترقیاتی ایجنڈے کی بدولت الیکشن جیتے گی۔ 2018 کے الیکشن میں عوام کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں گے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں ارکان قومی اسمبلی ڈاکٹر شزرہ منصب علی خان کھرل، سید محمد اصغر، ارکان پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نادیہ عزیز، میاں محمد اعظم چیلہ ، محسن شاہنواز رانجھا اور ملک عزیزالحق شامل تھے۔ شہبازشریف نے کہا ہے کہ ترقی پنجاب ہی نہیں پورے پاکستان کا حق ہے ،ہم تمام شہروں کی یکساں ترقی کے ویژن پر یقین رکھتے ہیں ۔کاش لاہور سے پہلے کراچی میں اورنج لائن میٹروٹرین اورمیٹروبس پراجیکٹ بنا ہوتا ۔ترقی کیلئے ملکی وسائل پر ملک کا گیٹ وے ہونے کی وجہ سے کراچی کا زیادہ حق ہے۔ کراچی کو اس کا حق ادا کرنے کی کوشش ضرور کریں گے۔کراچی کو بہتر ٹرانسپورٹ سسٹم اور مواصلاتی نظام کی اشد ضرورت ہے ۔اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو کراچی میں لاہور سے بڑھ کر ترقیاتی منصوبے مکمل کرائیں گے۔کراچی سے محبت تھی اورکراچی سے محبت کرتا رہوں گا۔پنجاب نے قومی مالیاتی کمیشن میں خیر سگالی کے جذبے کے تحت سندھ کو 77ارب سے زائدکے وسائل دےئے۔سندھ کو وسائل میں حصہ دیکرپنجاب نے بڑے بھائی ہونے کا کردارنبھایا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار سندھ سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جلد اندرون سندھ کے دوروں کا آغاز کروں گااورسندھ میں مسلم لیگ (ن) کی تنظیم کو زیادہ مضبوط اورموثر بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کی آمد آمد ہے ،امید ہے عام انتخابات منصفانہ اورشفاف ہوں گے اورتمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع ملیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) بھر پور انتخابی مہم چلائے گی۔عمران خان نے کوئی نئے نکات نہیں دےئے۔عوام کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیں گے۔ہم اپنا مقدمہ عوام کے سامنے لے کرجائیں گے۔ٍ انہوں نے کہا کہ سندھ اورکراچی کو شہبازشریف جیسا لیڈر چاہیے۔شہبازشریف کچھ عرصہ کیلئے کراچی آجائیں تاکہ کراچی کی محرومیاں دوراورمسائل حل ہوں۔ شہبازشریف سے ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے ملاقات کی ،جس میں عالمی سیاسی صورتحال، امت مسلمہ کو درپیش مسائل اوردو طرفہ تعاون کے امکانات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ایران کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے ملاقات ہمیشہ کی طرح باعث مسرت ہے۔پاکستان اور ایران کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا مزید فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کڑے حالات سے گزر رہی ہے۔سازشوں کا مل جل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ ملاقات میں لاہور میں ایران کے قونصل جنرل ماجد سعدے گی دولت آبادی، پولیٹیکل قونصلر محمود بلادی، اکنامک سیکرٹری محسن فتح ابار، اکنامک قونصلر مہدی ابے دینی ، خواجہ احمد حسان اور دیگر موجود تھے۔ شہبازشریف سے مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کی قیادت میں پارٹی کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ( ن ) کی حکومت تمام صوبوں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ سندھ کی ترقی کیلئے پرعزم ہیں۔ سندھ آگے بڑھے گا تو پاکستان بھی خوشحال ہوگا ۔ میں جلد سندھ کا دورہ کروں گا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ کراچی کے دورے کے دوران روشنیوں کے شہر کی حالت زار دیکھ کر دل بہت دکھی ہواہے۔عام انتخابات میں سندھ کے عوام نے خدمت کا موقع دیا تو پنجاب جیسی بے مثال ترقی سندھ میں لائیں گے اور سندھ کو پنجاب کی طرح خوشحال اور ترقی یافتہ صوبہ بنائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) سندھ کے وفد نے وزیراعلیٰ شہبازشریف سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پنجاب کی ترقی کو دیگر صوبوں کے لئے رول ماڈل بنایا ہے۔صوبہ سندھ کے عوام بھی پنجاب کی طرح ترقی چاہتے ہیں ۔ اراکین وفد نے کہا کہ آپ کے کراچی کے دوروں سے مخالفین پریشان ہیں ۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالے مسلم لیگ (ن) سندھ کے وفد میں جنرل سیکرٹری سینیٹرسلیم ضیا اور ایڈیشنل جنرل سیکرٹری چودھری محمد طارق شامل تھے جبکہ صوبائی وزیر رانا مشہود احمد بھی اس موقع پر موجودتھے۔

شہباز شریف

مزید :

کراچی صفحہ اول -