راؤ انوار بیمار نہیں مکا رہے ،عدالت میں پیش کیا جائے :اہلخانہ نقیب

راؤ انوار بیمار نہیں مکا رہے ،عدالت میں پیش کیا جائے :اہلخانہ نقیب

  

کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی میں پولیس کے ہاتھوں قتل ہونے والے نوجوان شہری نقیب اللہ محسودکے اہلخانہ نے کہا ہے کہ راؤانوار بیمار نہیں مکار ہے ، اب اگرراؤ کو ہتھکڑی میں نہیں لایا گیاتو پورا ملک بند کردیں گے۔بدھ کونقیب اللہ محسود قتل کیس میں گرفتار سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انواربیمار ہونے کے باعث انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش نہ ہوئے، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں 14 مئی کو ہرصورت عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔انسداد دہشت گردی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت شروع ہوئی تو کیس میں نامزد ڈی ایس پی قمر احمد سمیت 11 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا تاہم انتظار کے باوجود مرکزی ملزم راؤ انوار کو عدالت نہیں لایا گیا۔سماعت کے دوران جیل حکام نے میڈیکل سرٹیفیکیٹ پیش کر تے ہوئے کہا کہ راؤ انوار کی طبیعت خراب ہے اس لئے ملزم کو پیش نہیں کیا جاسکتا، مرکزی ملزم راؤ انوار سب جیل ملیرکینٹ میں موجود ہیں تاہم میڈیکل سرٹیفکیٹ سینٹرل جیل کے میڈیکل افسر نے پیش کیا جس کے مطابق راؤ انوار شوگر،بخاراورلوزموشن میں مبتلاہیں۔عدالت نے سماعت 14 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے چالان پیش نہ کرنے پر تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کے خلاف چالان آج ہی پیش کیا جائے۔ سماعت کے بعد نقیب اللہ کے والد کے وکیل صلاح الدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہائی پروفائل کیس میں ملزمان کوبغیرہتھکڑی لایا گیا،راؤانوارکوپروٹوکول دے کرانصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوتے۔انہوں نے کہا کہ پشاورسے نقیب کے رشتے داربھی عدالت آئے ہیں اورراؤانوارنے ایک عام سی رپورٹ پر عدالت نہ آنے کا بہانہ بنا لیا، وہ تو بہادر افسر تھا اب وہ حیلے بہانے بنارہا ہے۔نقیب کے اہل خانہ نے کہا کہ ہمیں اللہ کے بعد عدالتوں سے انصاف کی امید ہے،یہ سندھ گورنمنٹ کا بہادر بچہ بنارہا تویہ عمل انصاف کے خلاف ہوگا۔اس موقع پر نقیب کے اہلخانہ نے راؤ کے خلاف قاتل قاتل کے نعرے بھی لگائے۔دوسری جانب نقیب اللہ قتل کیس کے مرکزی ملزم راؤ انوار پر خصوصی نوازشیں کیں جارہی ہیں، ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ نے آئی جی جیل خانہ جات کو ٹیلی فون کرتے ہوئے کہا کہ راؤ انوار کو سیکیورٹی خدشات ہیں، لہذا ملیر کینٹ کو سب جیل قرار دیا جائے۔محکمہ داخلہ کے ٹیلی فون پر ملیر کینٹ کو سب جیل قرار دینے کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا گیا، جس کے مطابق ملیر کینٹ کے ملتان لائنز کو سب جیل قرار دے دیا گیا ہے، لہذا اب راؤ انوار کو سینٹرل جیل کے بجائے ملیر کینیٹ میں رکھا جائے،جیل حکام کی جانب سے ملیر کینٹ ملتان لائنز کو سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن عدالت کو موصول ہوگیا ہے۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -