آزاد کشمیر ،برطانیہ لے جانے کا جھانسہ دے کر خواتین سے شادی کا سکینڈل منظر عام پر آ گیا
میرپور(مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) برطانیہ لے جانے کے سہانے خواب دکھا کر شادی کرنیوالے ایک ہی خاندان کے 5 افراد نے 20 پاکستانی لڑکیوں کی زندگی تباہ کردی، لڑکیوں کو برطانیہ لے جانے کا جھانسہ دیا اور شادی کے بعد چھوڑ کر چلے گئے۔میرپور آزاد کشمیر پر یس کلب میں متاثرہ خواتین صائمہ کوثر، سمیرا پروین، سوہنیا بشیر اور کرن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام لگایا برطانیہ کے علاقے ہیلی فیکس کے رہائشی ممتاز عرف تاجا پہلوان اور اس کے بھتیجے خواتین کو برطانیہ لے جانے کے خواب دکھا کر شادی کرتے ہیں اور چھوڑ کر چلے جا تے ہیں۔ خواتین نے الزام لگایا تاجا پہلوان نے 7، اس کے بھتیجے محمد علی نے 3، نذر علی نے 5، غضنفر محمود نے 2 جبکہ محمد بشیر نے 3 شادیاں کی ہیں۔ یہ لوگ منشیات کا کاروبار کرتے ہیں۔واضح رہے تاجا پہلوان میرپور کے نواحی علاقے نیو آبادی سنگوٹ کا رہائشی ہے۔ خواتین کا کہنا تھا طلاق مانگنے پر ان پر زیورات چوری کا الزام لگا دیا جاتا ہے، دوران پریس کانفرنس خواتین نے میڈیا کو نکاح ناموں کی کاپیاں بھی دکھا ئیں ،اس سوال پر کہ اگر ملزمان نے 18 نکاح کیے تو پریس کانفرنس کیلئے 5 خواتین کیوں آئیں؟ ان خواتین کا کہنا تھا دیگر خواتین ہم سے را بطے میں نہیں ۔سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ریاض حیدر بخاری کا کہنا تھا متاثرہ خواتین نے پولیس سے رابطہ نہیں کیا تاہم تا جا پہلو ان کی ایک درخواست ملی ہے جس میں خواتین کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا گیا ہے۔ معاملے کی تحقیقات کیلئے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پو لیس (ڈی ایس پی) سٹی چوہدری انصر کو ہدایت کی گئی ہے۔
خواتین سکینڈل