پاکستان میں سیاست اور جرم کا گٹھ جوڑ ہے ٗ سینیٹرمشتا ق احمد
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی خیبر پختونخواکے امیر سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ کرپشن اور ملک کے نظام میں مجرم کو سیاستدان ، ظالم اور جابر کو معزز اور معتبر بنایا جارہا ہے ،آج پاکستان میں سیاست اور مجرم کا گٹھ جوڑ بنا ہوا ہے ، اس گٹھ جوڑ کو صرف جماعت اسلامی ہی توڑسکتی ہے ،ملک پرکرپٹ حکمرانوں کا ٹولہ مسلط ہے جو موروثی سیاست کرکے عوام کا استحصال کررہے ہیں، 2018 کے الیکشن میں علماء کرام کا اتحاد ملک کے لیے خیر کا باعث ہوگا ،علماء کرام منبر و محراب کے ذریعے عوام کو آپس میں جوڑیں گے ،خیبر پختونخوا میں متحدہ مجلس عمل تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے اور آنے والے الیکشن میں نمایاں برتری کے ساتھ کامیاب ہوگی ،کراچی میں متحدہ مجلس عمل کے قیام سے ٹارگٹ کلرز، بھتہ مافیا ، لوٹ مار اور دیگر جرائم پیشہ عناصر خوف زدہ ہیں،متحدہ مجلس عمل کے قیام سے خیبر پختونخوا کی طرح کراچی میں بھی ملک دشمن قوتوں کا خاتمہ ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سوسائٹی زون کے تحت ٹیپوسلطا ن ہال میں فیملی ورکرز کنونشن سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، نائب امیر سندھ محمد حسین محنتی ،جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن ، ڈپٹی سکریٹری جماعت اسلامی کراچی و پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر سیف الدین ایڈوکیٹ ،ضلع شرقی کے امیر یونس بارائی ، یونی چیئر مین جنید مکاتی ،جماعت اسلامی سوسائٹی زون کے امیر سلیم عمر کپاڈیا اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ نظامت کے فرائض فاروق میمن نے انجام دیے۔ تقریب میں سینیٹر مشتاق احمد خان نے کراچی یوتھ الیکشن میں سوسائٹی زون میں منتخب چیئرمینوں کو شیلڈز بھی پیش کیں۔اس موقع پر سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے ۔سینیٹر مشتاق احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ جماعت اسلامی سوسائٹی زون کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے تقریب سعید میں شرکت کی دعوت دی ، جماعت اسلامی کا مقصد اور نصب العین انسان کے اندر تحریک اور قوت پیدا کرتا ہے اور اسی حوصلے کے تحت سینٹ کے انتخابات میں جماعت اسلامی کا کوئی ایک رکن اسمبلی بھی فروخت نہیں ہوا ، جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس کا کوئی ایسا پہلو نہیں ہے جس پر کوئی داغ دکھاسکے، سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی اور ساری پارٹیاں فروخت ہوگئیں۔