پسند کی شادی کرنیوالے میاں بیوی غیرت کے نام پر قتل

پسند کی شادی کرنیوالے میاں بیوی غیرت کے نام پر قتل
پسند کی شادی کرنیوالے میاں بیوی غیرت کے نام پر قتل

  

کراچی (ویب ڈیسک) سپر ہائی وے سائٹ کے علاقے میں مسلح افراد نے رکشہ ڈرائیور اور اس کی بیوی کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا۔

یوٹیوب چینل سبسکرائب کرنے کیلئے یہاں کلک کریں

واقعہ منگل کو رات گئے پیش آیا جس کے بعد مقتول28 سالہ عامر ولد سہیل اور اس کی بیوی مقتولہ27 سالہ مخطاب کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا جبکہ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتول عامر کا تعلق سوات جبکہ مقتولہ مخطاب دیر کی رہنے والی تھی۔ دونوں نے تقریباً ڈیڑھ سال قبل گھر والوں کی ناراضگی مول لے کر کورٹ میرج کی تھی اور کراچی کے علاقے مومن آباد میں رہ رہے تھے۔ شادی کے بعد دونوں کے گھر والوں نے جرگہ بھی بلایا تھا اور یہ فیصلہ کیاگیا تھا کہ عامر کی بہن کی شادی مخطاب کے گھر کے کسی مرد سے کردی جائے تاہم عامر کے گھر والے اس کے لئے تیار نہیں تھے۔

منگل کی شب عامر اپنی بیوی مخطاب کو لے کر اپنے سسرا ل سکھیا گوٹھ گیا اور کھانا کھانے کے بعد رات گئے رکشہ   میں دونوں واپس جا رہے تھے تو مسلح افراد نے دونوں میاں بیوی کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس نے خیال ظاہر کیا ہے کہ دونوں میاں بیوی کے قتل میں مقتولہ کے رشتے دار ملوث ہوسکتے ہیں اس سلسلے میں تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

علاوہ ازیں مختلف علاقوں میں تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں دو افراد ہلاک اور دو افراد زخمی ہوگئے۔ تشدد اور گلا کاٹ کر ہلاک کئے جانے والے شخص کی نعش گلشن معمار کے علاقے احسن آباد میں کچرا کنڈی سے ملی۔ ادھر سرجانی کے علاقے میں حب ریور روڈ پر کچی ندی کے قریب نامعلوم افراد ایک نوجوان18 سالہ شیر زمان کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا اور فرار ہوگئے۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -