وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے پاس اکثریت نہیں رہی،اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا جائے، پی ٹی آئی ناراض ایم پی ایز کا گورنر خیبر پختونخوا کو خط
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)تحریک انصاف کے باغی ارکان نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک پرعدم اعتماد سے متعلق گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا کو خط لکھ دیا۔پی ٹی آئی کے ناراض ارکان نے خط میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے پاس اکثریت نہیں رہی ،گورنر آئین کے مطابق وزیراعلیٰ سے اعتماد کا ووٹ لینے کاکہیں ، خط تحریک انصاف کے باغی ارکان ،پیپلزپارٹی اور جے یو آئی (ف)کی جانب سے تحریر کیا گیا ۔
دریں اثنا پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی یاسین خلیل نے دیگر ارکان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ کے حوالے سے20 ارکان پر بہتان تراشی کی گئی، رنگے ہاتھ پکڑنے اور وڈیو کا ثبوت کا دعویٰ کیا گیا تھا،ہم ہارس ٹریڈنگ کی تحقیقات کوخوش آمدید کہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عین موقع پراسمبلی اجلاس ملتوی کیا گیا جس کی مذمت کرتے ہیں۔