بھارت ،کتوں کے حملے میں3بچے ہلاک، مشتعل لوگوں نے 13 کتے مار ڈالے

بھارت ،کتوں کے حملے میں3بچے ہلاک، مشتعل لوگوں نے 13 کتے مار ڈالے
بھارت ،کتوں کے حملے میں3بچے ہلاک، مشتعل لوگوں نے 13 کتے مار ڈالے

  

نئی دہلی(این این آئی)بھارت کے ایک دیہات میں ایک ہی دن میں کتوں کے کاٹنے سے 3 بچوں کی ہلاکت کے بعد لوگوں نے مشتعل ہو کر 13 آوارہ کتوں کو مار ڈالا۔ 

بھارتی ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ ریاست اترپردیش کے ایک گاؤں خیرآباد میں پیش آیا۔ کتوں کے حملوں سے علاقے میں کافی خوف و ہراس اور اشتعال پھیلا ہوا ہے اور جنوری سے اب تک ان حملوں میں 14 بچے ہلاک ہو چکے ہیں۔کتوں کے ٹولیوں نے 3 مختلف واقعات میں 3 بچوں کو اس وقت حملے کر کے ہلاک کر ڈالا جب وہ آبادی کے باہر باغ میں آم توڑ رہے تھے۔ تینوں بچوں کی عمریں 12 سال سے کم تھیں۔بھارت میں 2001 میں جانوروں کی فلاح و بہبود سے متعلق منظور کیے جانے والے قانون کے تحت آوارہ کتوں کو ہلاک کرنا جرم ہے۔ لیکن دیہاتیوں نے قانون کی پروا نہ کرتے ہوئے تین کتوں کو گولی مار کر اور 10 کو ڈنڈوں سے پیٹ کر ہلاک کر دیا۔

ضلعی پولیس افسر سریش راؤ کلکرانی نے بتایا کہ کتوں نے جب حملہ کیا تو اس وقت بچے اکیلے تھے۔ جنوری سے اب تک کتوں کے حملوں میں کئی بچے ہلاک ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کتوں کے حملوں کو کنٹرول کرنے کے لیے محکمہ جنگلات کے اہل کاروں اور عہدے داروں پر مشتمل ایک ٹیم بنا دی گئی ہے۔عہدے داروں کا کہنا تھا کہ کتوں کے حملوں میں اضافے کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ نومبر میں یہاں کا ذبحہ خانہ بند کر دیا گیا تھا جو کتوں اور دیگر جانوروں کو بچا کچا گوشت اور چھچھڑے وغیرہ مہیا کرنے کا ایک بڑا ذریعہ تھا۔

مزید :

بین الاقوامی -