شہباز قلندر کے عرس پر صوبے بھر میں سیکیورٹی اقدامات کو انتہائی مستعد اور الرٹ یقینی بنایا جائے: آئی جی سندھ

شہباز قلندر کے عرس پر صوبے بھر میں سیکیورٹی اقدامات کو انتہائی مستعد اور ...
شہباز قلندر کے عرس پر صوبے بھر میں سیکیورٹی اقدامات کو انتہائی مستعد اور الرٹ یقینی بنایا جائے: آئی جی سندھ

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پولیس کو جاری احکامات میں کہا ہے کہ حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس کی تین روزہ تقریبات کے موقع پر صوبے بھر میں سیکیورٹی کے جملہ اقدامات پر عمل درآمد کو انتہائی مستعد اور الرٹ رہتے ہوئے یقینی بنایا جائے، لعل شہباز قلندرکے مزار اوراسکے اطراف کے علاقوں میں کڑی نگرانی،بم ڈسپوزل سکواڈ سے سوئپنگ اور کلیئرنس سمیت انٹیلی جینس کلیکشن،شیئرنگ اور بروقت فالو کرنے کے عمل کو ہرسطح پر انتہائی مربوط اور موثر بنایا جائے،مرتب کردہ غیرمعمولی سیکیورٹی پلان کی جملہ ترجیحات اور اسکے تحت مزار کے داخلی روٹ پرعرس کے شرکاء کی فزیکل سرچنگ کے عمل کو منتظمین کی جانب سے مقررکردہ رضاکاروں کے تعاون سے ممکن بنایا جائے جبکہ اس عمل کے دوران خواتین پولیس اہلکاروں کی خدمات کو بھی یقینی بنایا جائے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ سندھ کے تمام شہروں اور دیگر صوبوں سے عرس کی تقریبات میں زائرین وعقیدت مندوں کی ایک کثیرتعدادمیں شرکت کو پیش نظر رکھتے ہوئے مزار کے اندرونی اور اطراف کے حصوں میں منتظمین کی مشاورت سے مجموعی سیکیورٹی امور کو غیرمعمولی بنایا جائے ، علاوہ ازیں مزار کے اطراف اور مزار کی مرکزی شاہراہ پر کسی بھی قسم کی پارکنگ کو ممنوع رکھا جائے جبکہ زائرین اور قافلوں کی گاڑیوں کے لئے مزار سے مناسب فاصلوں پر نا صرف پارکنگ لاٹس مختص کی جائے بلکہ پارکنگ لاٹس پر کڑی نگرانی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ سے تمام گاڑیوں کی سرچنگ کو بھی ممکن بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ہائی ویز، بارڈر ایریاز جبکہ دیگر صوبوں سے سندھ میں داخل ہونیوالے میدانی راستوں کے ساتھ ساتھ داخلی وخارجی راستوں پر ناکہ بندی، نگرانی، سرچنگ اور پیٹرولنگ جیسے اقدامات کو بھی متعلقہ تھانوں کے لحاظ سے مربوط اور موثر بنایا جائے۔ آئی جی سندھ نے جاری ہدایات میں کہا کہ متعلقہ تمام ایس ایس پیز عرس کی تقریبات کے آغاز سے لیکر اختتام تک تمام ایس ایچ اوز کو علاقوں میں موجود رہنے اور لمحہ بہ لمحہ انٹری نوٹ کرانے کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کے جملہ اقدامات کی نگرانی کا بھی پابند بنائیں گے۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -