اختلاف رائے رکھنا زندہ معاشروں کی پہچان،جماعت اسلامی آزادی صحافت کی سب سے بڑی علمبردار ہے :قیصر شریف

اختلاف رائے رکھنا زندہ معاشروں کی پہچان،جماعت اسلامی آزادی صحافت کی سب سے ...
اختلاف رائے رکھنا زندہ معاشروں کی پہچان،جماعت اسلامی آزادی صحافت کی سب سے بڑی علمبردار ہے :قیصر شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

حیدرآباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری اطلاعات قیصر شریف کا دورہ حیدرآباد پریس کلب ، عہدیداران وسینئر صحافیوں سے ملاقات ۔

تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے  سیکریٹری اطلاعات قیصر شریف ،صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا ودیگر ذمہ داران کے ہمراہ  حیدرآباد پریس کلب پہنچے  جہاں ان  کا پریس کلب کے خازن اعجاز لغاری، ایچ یو جے کے صدر اور سابق حیدرآبادپریس کلب حمید الرحمان، سابق صدر محمد شاہد شیخ، سابق سیکریٹری ناصر شیخ اراکین گورننگ باڈی نے ان کا خیر مقدم کیا اس موقع پر مخلف اخبارات، چینلز کے نمائندے ، کیمرہ مین، فوٹو گرافرز موجود تھے ۔

اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قیصر شریف کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی آزادی صحافت کی سب سے بڑی علمبردار ہے ،ہم سمجھتے ہیں کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں میڈیا کی آزادی کلیدی کردار ادا کرتی ہے ،اختلاف رائے رکھنا زندہ معاشروں کی پہچان ہے مگر اختلاف میں بھی شائستگی کا دامن کسی صورت نہیں چھوڑنا چاہئے ،پاکستان میں جمہوری اور فوجی آمریتوں کے دور میں میڈیا کو پابند سلاسل کرنے کی کوششیں ہوتی رہی ہیں اور اب بھی ہو رہی ہیں لیکن صحافی برادری ان کوششوں کو متحد رہ کر ہی ناکام بنا سکتی ہے ،جماعت اسلامی میڈیا کی آزادی کو محدود کرنے یا اس کی آواز دبانے کی ہر کوشش کی نہ صرف مذمت کرتی ہے بلکہ نازک حالات میں صحافی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ صحافتی تنظیموں کو میڈیا کے حوالے سے خود ہی اصول و ضوابط طے کرنا اور ان پر عمل کرانا ہو گا ،اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے ہاں میڈیا کو محض کسی کے خلاف یا حق میں رائے عامہ ہموار کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ بعض قوتیں چاہتی ہیں کہ پاکستان میں میڈیا قوم کی نظروں میں ناقابل اعتبار ہو جائے ،اس لئے صحافتی تنظیموں اور میڈیا مالکان کی ذمہ داری ہے کہ وہ میڈیا کی ساکھ کو تباہ ہونے سے بچانے کے لئے میدان میں آئیں کیونکہ میڈیا کا اپنے ’’قابل اعتماد‘‘ ہونے سے محروم ہوتے جانا اس وقت آزادی صحافت کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن چکا ہے۔