بھارت عالمی امن کیلئے سنگین خطرہ بن چکا ہے، اعجاز چودھری

  بھارت عالمی امن کیلئے سنگین خطرہ بن چکا ہے، اعجاز چودھری

  

لاہور (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمد چوہدری نے کہا ہے کہ قابض بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر شہری آبادی کو آرٹلری فائر، مارٹر اور خودکار ہتھیاروں سے نشانہ بنایا جارہا ہے، بھارت 2017 سے مسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتا آرہا ہے جسکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، بھارتی فوج کو جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزیوں پر افواج پاکستا ن کی جانب سے ہمیشہ منہ توڑ جواب دیا گیاہے۔انہوں نے کہاکہ جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا انسانی حقوق اور قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارت خطے کے ساتھ ساتھ عالمی امن اور سیکیورٹی کے لیے بھی خطرہ بن چکا ہے،بھارت کی جانب سے سیز فائر خلاف ورزیوں میں بھاری آرٹلری کا استعمال کیاجاتا ہے، بھارتی فوج پاکستان کی جوابی کارروائیوں سے بچنے کے لیے آبادی کا استعمال کرتی ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا جاسکے،بھارت ایل او سی اور ورکنگ باونڈری میں کشیدگی میں اضافہ کرکے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورت حال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔

، بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کو اپنے مینڈیٹ کے مطابق کردار ادا کرنے کی اجازت دے جو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعے دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ افواج پاکستان کی جانب سے بھارت فورسز کو منہ توڑجواب دیا جا رہا ہے، پاک فوج پر پوری قوم کو فخر ہے اس کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں کیا جاتاہے،ملک و قوم کی خاطر جانیں قربان کرنے والے فوجی ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -