پٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ سب شعبوں کو ہو گا،عبدالعلیم خان

پٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ سب شعبوں کو ہو گا،عبدالعلیم خان

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)سینئروزیرپنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ معاشی استحکام کے لئے وزیر اعظم عمران خان کی کوششوں کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور ان نا مساعد حالات میں بھی مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی کا بلا واسطہ فائدہ عا م آدمی کو ہوگا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ گزشتہ 3ماہ میں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 35روپے تک کی کمی کی ہے جس کے مثبت اثرات ہر شعبے پر مرتب ہوں گے اور عام آدمی کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملے گا۔

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ چھوٹے کاروباری طبقے کو ریلیف دینے کے لئے بھی وزیر اعظم عمران خان نے بڑے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے جس سے نہ صرف ان کارو بار ی اداروں کو سہارا ملے گا بلکہ آنے والے دنوں میں پاکستان ایک مضبوط معیشت کے طور پر سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا جیسی عالمی وبا کے ان حالات میں اس سے بہتر حکمت عملی ممکن نہیں تھی،حکومت نے تمام وسائل برؤئے کار لاتے ہوئے شہریوں کو ریلیف دینے کی عملی طور پر کوشش کی ہے جس کو جتنا سراہا جائے کم ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ اپوزیشن کی تنقید مکمل طور پر بلا جواز ہے کیونکہ یہ سیاست کی بجائے خدمت کے مقصد کو سامنے رکھنے کا وقت ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ وسیع تر قومی مفاد میں لوگوں کو اس مشکل سے نکالنے کے لئے اپنا حصہ ڈالاجائے اور حکومت کے ہاتھ مضبوط کیے جائیں۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ دیگر ملکو ں کے مقابلے میں پاکستان میں کورونا کی صورتحال کافی حد تک بہتر ہے اور ہمیں اللہ تعالیٰ سے بہتر حالات کی دعا کرنا چاہیے اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچانے کے لئے اپنا اجتماعی و انفرادی کردار ضرور اداکرنا چاہیے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -