شہباز شریف پھر باہر نکلنا چاہتے ہیں،عید کے بعد نیب دو طرفہ ٹارزن بنے گا:شیخ رشید
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عید الفطر کے بعد نیب دوطرفہ ٹارزن بنے گا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ مارکیٹ میں آنے والا نیب آرڈیننس کا مسودہ جعلی ہے، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ نیب آرڈیننس تبدیل ہو جائے۔وزیراعظم عمران خان نے انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پی) اور چینی چوروں کو نکیل ڈال دی ہے۔ وزارت اطلاعات میں بہترین ٹیم آئی ہے، ایسی زبردست ٹیم کبھی نہیں آئی، پردے کے آگے شبلی فراز ہیں اور پیچھے باجوہ (لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ)۔ نوازشریف کے بعداب فردوس عاشق اعوان بھی کہیں گی مجھے کیوں نکالا۔وفاقی وزیر ریلوے پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا نام بھول گئے، اس دوران انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کی گزشتہ روز کی پریس کانفرنس پر بھی تنقید کی۔شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم ریلوے کی تنظیم نو کررہے ہیں اور ہم تیار ہیں جب وزیراعظم حکم دیں گے 24 گھنٹوں میں ٹرین چلادی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں 30 ٹرینیں چلانے کیلئے تیاری کرلی گئی ہے اور تمام تر مشکلات کے باوجود تنخواہوں اور پنشن میں کٹوتی نہیں کی گئی۔کورونا وائرس کے پیش نظر چین سے آنے والا طبی سامان اور تشخیص کے آلات نیشنل ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے ریلوے کو بھی فراہم کیے ہیں جو ہر اسٹیشن پر موجود ہوں گے۔ اس وقت بغیر آمدن کے 5، 5 ارب روپے تنخواہ دی گئی ہے اور اب صرف ایک تنخواہ کی گنجائش بچی ہے ورنہ ریلوے کو مزید سبسڈی لینی پڑے گی تاہم ریلوے سے کسی ملازم یا افسر کو نہیں نکالا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نیب کے ترمیمی آرڈیننس میں ابھی تبدیلی نہیں کی جائے گی جبکہ 18ویں ترمیم کے حوالے سے بھی وقت درکار ہے۔ شہباز شریف پوری کوشش کررہے ہیں کہ بھائی کے آپریشن کے باعث باہر چلے جائیں لیکن ابھی ان کے ستارے گردش میں ہیں۔
شیخ رشید