لاہور سمیت بیشتر علاقوں میں بارش،گرمی کا زور ٹوٹ گیا،کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں

  لاہور سمیت بیشتر علاقوں میں بارش،گرمی کا زور ٹوٹ گیا،کراچی میں ٹھنڈی ...

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، مختلف علاقوں میں بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، پنجاب اورخیبر پختونخوا میں مزید بارش کی پیشگوئی کردی۔ دن بھر گرمی کے بعد شام میں ٹھنڈی ہوائیں چل گئیں، شہر قائد کا موسم خوشگوار ہو گیا، گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔ محکمہ موسمیات نے سلسلہ صبح تک جاری رہنے کی نوید سنادی۔لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ سمیت پنجاب کے اکثر شہروں میں بادلوں نے رنگ جمایا، بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔بادل کہیں رحمت توکہیں زحمت بن کر برسے۔صوابی میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش نے زمینداروں کی پریشانی بڑھا دی۔ سوات میں موسلادھار بارش سے نکاسی اب کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ بعض شہروں میں آندھی سے بجلی کا نظام متاثر ہوا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج اتوار کو بھی اسلام آباد، بالائی وجنوبی پنجاب،خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان،کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ادھر این ڈی ایم اے کے مطابق اتوار سے بدھ تک ملک کے بیشتر علاقوں، پنجاب، خیبر پختونخوا، اسلام آباد،گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرد آلود ہواؤں کے ساتھ تیز اور طوفانی بارش ہوسکتی ہے جبکہ بعض علاقوں میں اولے بھی گرسکتے ہیں۔نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ تمام ادارے ایمرجنسی اسٹاف کی موجودگی کو یقینی بنائیں اور دن میں دو مرتبہ این ڈی ایم اے کو صورت حال سے آگاہ رکھا جائے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق 5 سے8 مئی کے دوران کراچی ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہ سکتا ہے۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق ہیٹ ویو کے دوران کراچی میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے اور اس دوران دن کے اوقات میں سمندری ہوائیں معطل رہیں گی۔ گزشتہ 30سال میں مئی میں کراچی کا اوسط درجہ حرارت 35.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا ہے،اب تک مئی مہینے میں سب زیادہ درجہ حرارت 9مئی 1938 کو 47.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

بارش

مزید :

صفحہ اول -