کورونا کیخلاف ہر ملک کی اپنی حکمت عملی وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بنی،یو این سیکرٹری جنرل
نیو یارک(آن لائن) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ کورونا کے خلاف ہر ملک کی اپنی پالیسی اور حکمت عملی اس کے پھیلاؤ کی وجہ بنی، عالمی سطح پر قیادت کی کمی کے باعث کورونا کو روکنے میں ناکامی ہوئی،عالمی سطح پر کورونا وائرس کی روک تھام کیلیے جو کچھ ہوسکتا تھا نہیں کیا گیا،موجودہ حالات میں ڈبلیو ایچ او کو ہر ممکن ذرائع ملنے چاہئیں۔ غیر ملکی میڈیا کو اپنے دیئے گئے ایک انٹرویو میں اقوام متحدہ کے سیکر ٹری جنر ل نے کہا کہ اہم ممالک الزام تراشی کے بجائے کورونا کے خاتمے کے لیے مل کر کام کریں، اہم ممالک قریب آئیں اور ایک میکانزم بنائیں جس میں لاک ڈاؤن کے خاتمے، کاروبار کھولنے اور اس کی بحالی کی حکمت عملی ہو۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی روک تھام کے لیے عالمی ردعمل دیکھ کر افسوس ہوا، ہمیں ماضی کی غلطیوں کو سنجیدگی سے لے کر ان سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے مزید کہا کہ اس وقت ترقی پذیر ملکوں میں عالمی ادارے کا متبادل نہیں مل سکتا، جب تک جنوبی دنیا میں کورونا ختم نہیں ہوگا شمالی دنیا بھی خاتمے میں کامیاب نہیں ہوسکتی۔
یو این سیکرٹری جنرل