مسلم لیگ (ن) کیخلاف حکومت سے ساز باز کی افواہیں من گھڑت، اسحاق ڈار

  مسلم لیگ (ن) کیخلاف حکومت سے ساز باز کی افواہیں من گھڑت، اسحاق ڈار

  

لندن(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اٹھارویں ترمیم کے معاملے پر (ن) لیگ اور حکومت کے درمیان ڈیل کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے خلاف حکومت سے ساز باز کرنے کے حوالے سے پھیلائی گئیں افواہیں من گھڑت ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں۔ حکومت اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے ایسے حربے استعمال کر رہی ہے جس کا مقصد مہنگائی، بیروزگاری عوامی مسائل سے توجہ ہٹانا ہے آٹا چینی سکینڈل کو کور کرنے کیلئے نیب میں ترمیم کرنا حکومت کی مجبوری ہے مسلم لیگ(ن) کو اس سے کوئی سرو کار نہیں، جب اپریل 2018 میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 72.11 ڈالر فی بیرل تھی تو اس وقت (ن) لیگی حکومت نے پٹرول 88 روپے اور ڈیزل 99 روپے پر پہنچا کر صارفین کو حقیقی معنوں میں ریلیف دیا، اب جبکہ تیل کی قیمت 18.47 ڈالر فی بیرل ہو چکی ہے تو پی ٹی آئی حکومت صارفین کو پٹرول 82 روپے جب کہ ڈیزل80 روپے میں فراہم کر رہی ہے جو سراسر زیادتی ہے، ہفتے کو سوشل میڈیا ویب سائیڈ ٹوئٹر پر جاری وڈیو بیان میں اسحاق ڈار نے پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی حکومت نے ٹیکس دوگنا سے بھی زیادہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند وزراء یہ افواہیں پھیلانے میں مصروف ہیں کہ مسلم لیگ ن اٹھارہویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کے معاملے پر کوئی ڈیل کر رہی ہے اور اس کے بدلے میں نیب آرڈیننس ایسی ترمیم مانگ رہی ہے جس سے میاں نواز شریف اور مریم نواز کی سزائیں معطل ہوں یہ سراسر جھوٹ ہے ایسی افواہیں پھیلانا اس حکومت کا کام ہے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ حکومت معاشی اور خارجی سطح پر مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ حکومت نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے خلاف حکومت سے ساز باز کرنے کے حوالے سے پھیلائی گئیں افواہیں من گھڑت ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں۔

اسحاق ڈار

مزید :

صفحہ آخر -