پنجاب پولیس کے 35 اہلکار کورونا وائرس کا شکار ہوگئے
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے پنجاب پولیس کے 35 اہلکار کورونا وائرس کا شکار ہوگئے، ڈی آئی جی ویلفیئر نے کورونا وائرس کے حوالے سے حفاظتی سامان کی ڈیمانڈ کے لیے مراسلہ بھجوا دیا۔کورونا وائرس کے حوالے سے لاک ڈاون کے دوران پنجاب پولیس فرنٹ لائن پر فرائض انجام دے رہی ہے، اب پولیس میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دن بدن بڑھنے لگی ہے، لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا سے متاثر پولیس اہلکاروں کی تعداد35 ہوگئی ہے، اب تک 70 سے زائد ملازمین کے ٹیسٹ نیگیٹو آئے ہیں۔آئی جی پنجاب کے حکم پر ڈی آئی جی ویلفیئر نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا وائرس کے حوالے سے ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے اہلکاروں و افسران کے لیے حفاظتی سامان کا استعمال یقینی بنانے کے لیے ڈیمانڈ کا مراسلہ بھجوایا ہے، 4 مئی تک سامان اور فنڈز کی تفصیلات طلب کی ہیں مراسلے میں ہدایت جاری کی گئی ہے کہ تمام اضلاع و یونٹس حفاظتی سامان ویلفیئر فنڈز سے خریدیں، جن اضلاع و یونٹس کے پاس ویلفیئر فنڈز نہیں وہ تمام تفصیلات آئی جی آفس کو بھجوائیں، ان کو آئی جی افس کے ویلفیئر فنڈز سے سامان مہیا کیا جائیگا، جبکہ سامان کی خریداری کے لیے فنڈز بھی جاری کیے جائیں گے۔