مزدوروں کو حقوق دینے کیلئے کوشاں ہیں، شوکت یوسفزئی

مزدوروں کو حقوق دینے کیلئے کوشاں ہیں، شوکت یوسفزئی

  

پشاور(سٹی رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ حکومت مزدوروں کو ان کے جائز حقوق دینے اور ان کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے آجر و اجیر کے درمیان تعلقات کی بہتری سے صنعت اور کاروباری شعبے کو ترقی مل سکتی ہے کرونا وائرس سے متاثر مزدوروں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی وزیر اعلیٰ محمود خان مزدوروں کے حوالے سے ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ماضی میں حکومتی سپورٹ اور قانون پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے بھی مزدور طبقہ اپنے حقوق سے محروم رہا تاہم اب حکومت مزدوروں کے لیے بنائے گئے قوانین پر ہر صورت عملدر آمد کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ اللہ نے صوبے کو بجلی اور گیس پیدا کرنے کی صلاحیت دی ہے جس کو استعمال میں لاکر صوبے میں صنعتی انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے سب سے بڑا چیلنج مائنز مزدوروں کا ہے جن کی کوئی رجسٹریشن نہیں ہوئی جس کی وجہ سے اس میں کام کرنے والے مزدور اپنے حقوق سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ غیر قانونی لیز ختم کئے جائیں اور صرف انہی لیز کو کام کرنے دیا جائے گا جن کے پاس رجسٹرڈ مزدور ہوں گے انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے حقوق پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی وزیراعظم عمران خان مزدوروں کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ ملک کی ترقی میں مزدوروں کا بہت بڑا کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ عید کے بعد پورے صوبے میں مزدوروں کی رجسٹریشن کے لیے مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ تحلیل ہو چکا ہے نیا بورڈ وزیراعلیٰ محمود خان کی مشاورت سے بہت جلد تشکیل دیا جائے گا۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ صنعتی ترقی مزدوروں کو حقوق دیئے بغیر ناممکن ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -