کورونا وائرس سے نپٹنے کیلئے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں:کارپٹ ایسوسی ایشن
کراچی /اسلام آباد(این این آئی)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈا یکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس کی وجہ سے بدلنے والے حالات کو پیش نظر رکھ کر آئندہ مالی سال کے بجٹ کی دستاویز تیار کرے، اس سلسلہ میں ویڈیو لنک کے ذریعے برآمد ی شعبے، ایسوسی ایشنز،تنظیموں اور ماہرین سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی کانفرنسز طلب کر کے تجاویز حاصل کی جائیں، موجودہ حالات میں تمام شعبوں کو ایک دوسرے کی طاقت بننا ہوگااورمشاورت اور اتفاق رائے سے فیصلے کر کے اس مشکل وقت سے باہر نکلا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اسلم طاہر، کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف،وائس چیئرمین شیخ عامر خالد، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد،سعید خان، اعجاز الرحمان،محمد اکبر ملک، میجر (ر) اختر نذیر نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ حکومت نے اس سے قبل آئندہ مالی سال کے بجٹ کیلئے جو مجوزہ دستاویز تیار کی تھی کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کی وجہ سے اس کی اہمیت ختم ہو گئی ہے اس لئے اب ہنگامی بنیادوں پر موجودہ حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے بجٹ دستاویز تیار کرنی چاہیے۔مشکل کی اس گھڑی میں حکومت مشاورت اور اتفاق رائے کو فروغ دے کیونکہ سولو فلائٹ پالیسیاں معیشت کیلئے انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کارپٹ ایسوسی ایشن حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہے اس لئے حکومت کو چاہیے کہ فی الفور رابطوں کا سلسلہ شروع اور آئندہ مالی سال کے بجٹ کیلئے متفقہ حکمت عملی اپنائے۔