سندھ میں مزید 427نئے کیسز سپورٹ،مرنے والوں کی تعداد 4ہے:مراد علی شاہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہفتہ کو سندھ میں کوروناوائرس کے 427 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے اپنے ایک پیغام میں صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں کورونا کے 46 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 4 ہے۔انہوں نے بتایا کہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 3259 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ سندھ میں اب تک 61020 کورونا کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد 7102 ہے۔انہوں نے بتایاکہ اب تک سندھ میں 1341 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں یہ کل تعداد کا 19 فیصد ہے جبکہ کورونا کے باعث کل اموات 122 ہوگئی ہیں۔مراد علی شاہ کے مطابق ہمارے پاس اس وقت 5639 مریض زیرعلاج ہیں۔ کورونا کے 4390 مریض گھروں میں آئیسولیٹ ہیں، 733 مریض آئیسولیشن مراکز اور 516 اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔54 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ ان میں 18 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔کراچی میں کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق اپنے پیغام میں مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں کورونا کے 376 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔کراچی کے ضلع ساؤتھ میں 131، سینٹرل میں 46، ایسٹ میں 65، کورنگی میں 54، ملیر میں 33 اور ویسٹ میں 47 کورونا کے نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ گھوٹکی میں 4، حیدرآباد میں 6، خیرپورمیں 4، لاڑکانہ اور شہید بینظیرآباد میں 6- 6، سانگھڑ میں 2، سکھرمیں 5، ٹھٹہ اور سجاول میں 1-1 کیسز آئے ہیں۔وزیراعلی سندھ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صحت کے اصولوں کا خیال رکھیں، آپ کے تعاون سے ہم اس وبا کو شکست دے سکتے ہیں۔