5سے 8مئی ہیٹ ویو،کے ایم سی کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے:میئر کراچی

5سے 8مئی ہیٹ ویو،کے ایم سی کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے:میئر کراچی

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کراچی میں 5 تا 8 مئی کے دوران متوقع ہیٹ ویز کے پیش نظر کے ایم سی کے اسپتالوں میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کردی ہے، میئر کراچی نے سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز کو ہدایت کی کہ تمام اسپتالوں میں ہیٹ ویز کے پیش نظر تمام انتظامات مکمل رکھیں جائیں، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور ادویات کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے، میئر کراچی نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 5 تا 8 مئی تک ہیٹ ویو آسکتی ہیں اور درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی بڑھ سکتا ہے، رمضان المبارک میں شہریوں کی اکثریت روزے سے ہوتی ہے اور درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوگااس لئے ہیٹ ویو کے اثرات شہریوں پر آسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ درجہ حرارت بڑھنے سے شدید پیاس اور ہیٹ اسٹروک ہوسکتا ہے ا س لئے شہری 5 تا 8 مئی تک انتہائی احتیاط برتیں، گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں، انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں پہلے سے ہی کورونا وائرس کے باعث مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جبکہ اموات کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے، اس لئے ایسے افراد جن کی عمر 55 سال سے زائد ہے اور بچے انتہائی احتیاط سے کام لیتے ہوئے دن میں گھروں سے باہر نہ نکلیں، میئر کراچی نے کہا کہ وہ ہیٹ ویوز کے دنوں میں کسی بھی اسپتال میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے بڑے اسپتالوں میں ہیٹ ویوز کے حوالے سے علیحدہ سے انتظامات کئے جائیں، ڈاکٹرز اور عملے کو تین شفٹوں میں تقسیم کرکے تعینات کیا جائے،انہوں نے کہا کہ کراچی شہر میں اس وقت کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی صورتحال ہے، کاروباری مراکز بند ہیں جس کے باعث اکثر لوگ اپنے اپنے گھروں میں موجود ہیں، ہیٹ ویوز کی اس نئی صورتحال میں بھی محفوظ طریقہ یہی ہے کہ دن کے اوقات میں باہر نہ نکلا جائے اور سفر سے بھی احتیاط برتی جائے،انہوں نے کہا کہ ہیٹ اسٹروک ہونے کی صورت میں فوری طور پر کسی قریبی اسپتال سے رجوع کیا جائے، میئر کراچی نے ڈائریکٹر میڈیکل سروسز اور تمام اسپتالوں کے میڈیکل سپریٹنڈنس کو ہدایت کی کہ وہ اسپتالوں میں فول پروف انتظامات کو یقینی بنائیں، انہوں نے کہا کہ جس طرح ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے کورونا وائرس کی وباء کا مقابلہ کیا ہے اور ہمت اور شجاعت کے کام لیتے ہوئے اپنے حوصلے بلند رکھے ہیں اسی طرح ہیٹ ویوز کے دنوں میں بھی اپنے فرائض ایماندری، محنت اور توجہ سے انجام دیں، تاکہ شہریوں کی بہتر سے بہتر خدمت کی جاسکے۔

مزید :

صفحہ آخر -