کورونا وبا اور عمران خان حکومت عذاب ہے،مولا بخش چانڈیو

کورونا وبا اور عمران خان حکومت عذاب ہے،مولا بخش چانڈیو

  

اسلام آباد (این این آئی)مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ کورونا وبا اور عمران خان حکومت عذاب ہے،عمران خان کے جھوٹ، بددیانتی، نالائقی اور نااہلی کورونا سے بھی خطرناک شکل اختیار کرتی جا رہی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ایک تو کوڑھ اوپر سے کھجلی، ایک وبا اوپر سے نالائق حکمران،عمران خان کے جھوٹ، بددیانتی، نالائقی اور نااہلی کورونا سے بھی خطرناک شکل اختیار کرتی جا رہی ہے۔ مولابخش چانڈیو نے کہاکہ خود فیصلے کر کے اگلے لمحے مکر جاتے ہیں اور کسی اور پر الزام لگا دیتے ہیں، وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے کورونا ملک بھر میں پھیلا اب الزام سندھ پر لگا رہے ہیں، اب یہ نااہل اور نالائق کورونا کا خاتمہ 18 ویں ترمیم کے خاتمے سے کرنا چاہتے ہیں، جب جب قوم کو اتحاد کی ضرورت ہوتی ہے خان صاحب تقسیم ڈال دیتے ہیں۔مولابخش چانڈیو نے کہاکہ عمران خان کی زبان پر نام غریبوں اور نوازشات امیروں کیلئے ہیں، اس بدترین وبا میں بھی ان کا ایک ایک فیصلہ سرمایہ داروں کیلئے تھا۔ انہوں نے کہاکہ غریب وبا سے مرتا ہے تو مرے اشرافیہ کے ایجنٹ وزیراعظم کو سرمایہ دار کا کارخانہ چلتا چاہیے، خان صاحب کی غریب دشمنی کا اس سے بڑا ثبوت کیا ہے ہی انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہی کئی ماہ بند رکھا۔ مولابخش چانڈیو نے کہاکہ غریب، مسکین، بیوہ اور یتیم عورتوں کے حق پر ڈاکہ ڈال کر اب لائینیں لگوا کر احسان جتا رہے ہیں، ہم بطور قوم کورونا کا مقابلہ عمران خان سے چھٹکارے کے بنا نہیں کر پائیں گے، خان صاحب کو جانا ہوگا، یہ کورونا سے زیادہ مہلک ثابت ہو رہے ہیں۔

مولا بخش چانڈیو

مزید :

صفحہ آخر -