"اگر آپ یہ کام نہ کرسکے تو ماننا پڑے گا کہ مولانا طارق جمیل سچ فرما رہے تھے" فردوس عاشق اعوان نے حامد میر کو چیلنج کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم کی سابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اینکر پرسن حامد میر کو چیلنج کیا ہے کہ وہ ان کے خلاف پی آئی ڈی میں غیر قانونی بھرتیاں ثابت کریں۔
اپنے ایک ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ " حامد میر صاحب، میری سیاست سے زیادہ آپ کی صحافت کا تجربہ ہے۔ اس بات کو یہاں تک نہ چھوڑیئے گا، میرے حکم سے کی گئی پی آئی ڈی کی بھرتیوں میں میرے حلقے کا ڈومیسائل دکھائیں۔ اگر ایسا نہ کر سکیں تو ماننا پڑے گا کہ مولانا طارق جمیل صاحب سچ فرما رہے تھے۔ سچ جان کر جیو۔"
خیال رہے کہ وزیر اعظم کی سابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان پر الزام ہے کہ انہوں نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں غیر قانونی بھرتیاں کیں۔ فردوس عاشق اعوان نے انہی بھرتیوں کو ثابت کرنے کا چیلنج کیا ہے۔ انہوں نے مولانا طارق جمیل کی بات کا حوالہ اس لیے دیا ہے کیونکہ گزشتہ دنوں وزیر اعظم کی ٹیلی تھون ٹرانسمیشن میں مولانا طارق جمیل نے میڈیا کو جھوٹا قرار دیا تھا ۔