”پاکستان کے ان چارکھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کے ساتھ انصاف نہیں کیا “بھارتی کرکٹ تجزیہ نگار نے ناکام شاہینوں کی نشاندہی کردی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن ) بھارتی کرکٹ تجزیہ نگار اور کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے کا کہنا ہے کہ دس سال میں پاکستان نے تین سے زائد پلیئرز گنوا دیئے کیونکہ محمد عامر، محمد آصف، احمد شہزاد اور عمر اکمل اپنی صلاحیتوں سے انصاف نہیں کر سکے۔
سابق قومی کپتان رمیز راجہ کے یوٹیوب چینل پر گفتگو کے دوران ہرشا بھوگلے کا کہنا تھا کہ محمد آصف ایک بہترین پیسر تھے جن کے بارے میں بیشتر بیٹسمینوں کا اب بھی یہی خیال ہے کہ انہوں نے ان سے بہتر باولر کا سامنا نہیں کیا جبکہ انہیں بدستور یہ بات محسوس ہوتی ہے کہ پاکستان نے محمد عامر کو کھو دیا، اگرچہ وہ اب بھی موقع ملنے پر بہترین کارکردگی پیش کرتے ہیں۔ہرشا بھوگلے کا کہنا تھا کہ ان کی نظر میں عمر اکمل تیسرے کھلاڑی ہیں جو اپنی صلاحیتوں سے انصاف نہیں کر سکے جبکہ احمد شہزاد نصف سے زائد گنوائے جا چکے ہیں جن کو اس وقت مستحکم پوزیشن میں ہونا چاہیے تھا۔