کووڈ19 کا علاج کرنیوالی گولی  دسمبر تک دستیاب ہو گی، فائزر

کووڈ19 کا علاج کرنیوالی گولی  دسمبر تک دستیاب ہو گی، فائزر

  

واشنگٹن (آئی ا ین پی) فائزر کمپنی کے سی ای او البرٹ بورلا نے کہا ہے کہ کووِڈ 19 کا علاج کرنے کیلئے ان کی کمپنی میں ایک گولی کی تیاری تیزی سے جاری ہے جو اس سال کے اختتام تک بازار میں دستیاب ہوجائیگی۔ یہ کوئی ویکسین نہیں ہوگی بلکہ کورونا وائرس کا حملہ ہوجانے کے بعد اس کا قلع قمع کرنیوالی دوا ہوگی جس کے ابتدائی مرحلے کی طبی آزمائشیں ماہ مارچ میں شروع کی جاچکی ہیں۔ کورونا وائرس کو ختم کرنے کیلئے یہ دوا اس خامرے (اینزائم)کی پیداوار میں کمی کر تی ہے جو کورونا وائرس کو انسانی خلیے میں پہنچنے کے بعد تقسیم در تقسیم ہونے اور اپنا اثر شدید تر کرنے میں مدد دیتا ہے۔اگر اس دوا کی طبی آزمائشیں کامیاب رہتی ہیں اور امریکی ادارہ برائے غذا و دوا (ایف ڈی اے)اسے بروقت منظور کرلیتا ہے، تو پھر یہ دسمبر 2021 تک پورے امریکا میں دستیاب ہوگی۔ فائزر کے مطابق یہ دوا کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی اولین علامات نمودار ہونے پر دی جائیگی جسے کھانے کے بعد مریض کو ہسپتال میں داخل ہونے کی ضرورت پڑ ے گی اور نہ ہی آئی سی یو کا منہ دیکھنا پڑے گا، بلکہ یہ دوا کھا کر وہ بتدریج صحتیاب ہوجائیگا۔ ماہرین کو امید ہے اس گولی کی آمد سے کورونا وائرس بھی انسانوں کیلئے بالکل ویسا ہی معمولی مرض بن کر رہ جائے گا جیسا آج موسمی زکام ہے۔

کورونا گولی

مزید :

صفحہ آخر -