کورونا مزید 113افراد کی جان لے گیا سند ھ میں لاک ڈاؤن کا عندیہ، ایران اور افغانستان کیساتھ سرحدیں بندکرنے کا فیصلہ 

کورونا مزید 113افراد کی جان لے گیا سند ھ میں لاک ڈاؤن کا عندیہ، ایران اور ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 اسلام آباد،لاہور(سٹاف رپورٹر، کرائم رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) ملک بھر میں کورونا کی تیسری لہر سے مزید 113 افراد جان کی بازی ہار گئے، کورونا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 18 ہزار 70 تک پہنچ گئی، 4 ہزار 414 نئے کیسز رپورٹ ، 8 لاکھ 29 ہزار 933 افراد  متاثر، 5 ہزار 448 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔  نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 45 ہزار 275 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 11,882,14 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 4 ہزار 414 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 829,933 ہوگئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ84 ہزار 738، پنجاب میں 3 لاکھ 04 ہزار 889، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 19 ہزار 277، اسلام آباد میں 75 ہزار 892، بلوچستان میں 22 ہزار 528، آزاد کشمیر میں 17 ہزار 297 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 312 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد89 ہزار 661 ہے۔ جب کہ 5 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ سندھ میں  ماسک نہ پہننے، سماجی فاصلہ نہ رکھنے، بھیڑ لگانے اور دیگر ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے کے نتائج سامنے آنے لگے۔ سندھ میں بھی کورونا کیسز میں ریکارڈ اضافہ، شہریوں کی غیرسنجیدگی کے سبب صوبائی حکومت کی جانب سے لاک ڈاون کا عندیہ دیا جا رہا ہے۔ شہریوں کی غیر ذمہ داری کے سبب حیدرآباد اور کراچی میں کورونا کیسز کی شرح میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہونے لگا ہے۔ وزیر صحت مثبت کیسز کی شرح میں اضافے پر لاک ڈاون جیسے اقدامات کا عندیہ دے رہی ہیں۔ صورتحال ایسی ہوتی جا رہی ہے کہ ڈاکٹر تنظیموں نے ویکسینیشن کے عمل کو تیز کرنے اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا مطالبہ کر دیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے یوم علی رضی اللہ تعالی عنہہ، اعتکاف، شب قدر کی مناسبت سے طاق راتوں میں اجتماعات اور جمعتہ الوداع کے لئے گائیڈ لائنز جاری کی گئی ہیں۔ این سی او سی کی جانب سے عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ یوم علی کرم اللہ وجہہ پر ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایاجائے، یوم علی کرم اللہ وجہہ پر کورونا علامات والے افراد کو مجالس میں شرکت کی اجازت نہ دی جائے، یوم علی کی مناسبت سے مجالس آن لائن ہوں یا پھر آٹ ڈور منعقد کی جائیں، علما اور ذاکرین کو کورونا منفی رپورٹ ہونے پر ہی خطاب کی اجازت دی جائے۔ گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ کورونا علامات والے افراد مسجد کے بجائے گھر میں ہی اعتکاف کریں، معتکفین مسجد میں بستر سمیت دیگر سامان گھر سیلائیں اور مشترکہ سحر و افطار سے گریز کریں۔ جمعتہ الوداع کے لئے نمازی جائے نماز ساتھ لائیں اور وضو گھر سے کرکے آئیں، جمعتہ الوداع کے اجتماعات میں نمازیوں کے آنے اور جانے کا الگ راستہ رکھا جائے، داخلی راستے پر تھرمل اسکیننگ اور سینیٹائزر کا بندوبست یقینی بنایا جائے، صفوں کے درمیان فاصلہ رکھا جائے وضوخانوں میں بھیڑ نہ لگائی جائے، مساجد میں شب قدر کی مناسبت سے طاق راتوں میں ہونے والے اجتماعات میں بچے اور 50 سال سے زیادہ عمر کے افراد نہ آئیں۔حیدرآباد میں کورونا وبا کی تیسری لہر کے 40 فیصد کیسز میں برطانوی قسم کے وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔لیاقت میڈیکل یونیورسٹی اینڈ ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر اور فزیشن ڈاکٹر  بیکا رام کے مطابق حیدرآباد میں کورونا سے شرح اموات میں اضافے کی وجہ کورونا کے یوکے ویرینٹ کی موجودگی ہے جو تیزی سے پھیل رہا ہے۔کراچی ضلع وسطی کے علاقوں گلبرگ، لیاقت آباد، نارتھ کراچی اور نارتھ ناظم آباد کے متاثرہ بلاکس میں 2 ہفتے کے لئے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے پر کراچی کے ضلع وسطی میں 15 دن کیلئے اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔دریں اثناپنجاب کے مختلف شہروں میں کورونا ایس اوپیز  کی خلاف ورزی پر کریکٹ ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔صوبے کے مختلف شہروں میں کورونا سے بچاؤ کے لیے فیس ماسک پہنے بغیرگھومنے والے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔فیصل آباد میں کورونا ماسک پہنے بغیر گھومنے والے 15 افراد  کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر 19دکانیں، ریسٹورنٹس سیل  اور6 مسافر گاڑیاں بند کردی گئیں۔گوجرانوالا میں   121 دکانیں سیل  اور ماسک اورایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر193 مقدمات قائم کیے گئے جب کہ سواریاں بٹھانے میں فاصلہ نہ رکھنے پر 9 گاڑیوں کے چالان کردیے گئے۔لودھراں میں ماسک نہ پہننے پر 40 افراد گرفتار کیے گئے جب کہ  نارووال میں 90 دکانداروں پر مقدمات درج اور 77  کوگرفتار کرلیا گیا۔ملتان میں کورونا سے بچاو کے ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے پر 39 کاروباری مراکز سیل کر دیے گئے، 1 شخص گرفتار، 1 مقدمہ درج اور 9 مسافر بسوں کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔حکومت پنجاب نے شہریوں کے لئے عید کی خریداری کے باقاعدہ ایس او پیز جاری کئے ہیں اور رہنمائی کیلئے 1033 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ایس او پیز کے مطابق محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری کئیر ہیلتھ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خریداری کے لئے ایسے اوقات کا انتخاب کریں جب رش کم ہو اور بچوں اور بزرگوں کو خریداری کیلئے ساتھ نہ لے کر جائیں۔ دکاندار، سیلز مین اور گاہک ہر صورت ماسک کا استعمال کریں۔ ہجوم کے بہتر انتظامات کیلئے شاپنگ کے مراکز میں اور کیش کاؤنٹرز پر چھ فٹ کے فاصلہ کے نشانات لگائیں۔ دکاندار حضرات باربار ہاتھوں کی صفائی کو یقینی بنائیں اور بار بار چھوئے جانیوالی سطح پر ہاتھ لگنے کے بعد لازماً ہاتھ صاف کریں۔ شاپنگ مال اور دیگر مراکز کے داخلی اور خارجی راستوں پر ہاتھ دھونے یا سینیٹائز کرنے کا انتظام کیا جائے۔ ایس او پیز کے مطابق، شاپنگ مالز میں ہوا کے گزرنے کا مناسب انتظام ہو، گاہکوں کے داخلی اور خارجی راستے الگ الگ ہوں اور زیادہ استعمال میں رہنے والی اشیاء کو جراثیم کش محلول سے صاف کریں۔
کورونا


اسلام آباد(آئی این پی) کورونا وائرس کاپھیلاؤ  روکنے کے لئے ایران اورافغانستان کیساتھ سرحد 2ہفتوں کیلئے بند کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے،نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اہم اجلاس میں کورونا وائرس کی تیسری لہر اور اس کے پھیلا ؤکے پیش نظر سرحد کو دو ہفتوں کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے،تفصیل کے مطابق این سی او سی اجلاس میں کورونا وائرس کی نئی اقسام اور پھیلاؤ روکنے کیلئے افغانستان اور ایران کے ساتھ لینڈ بارڈر مینجمنٹ کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرحد دو ہفتوں کے لیے بند تاہم تجارت جاری رہے گی، کورونا پازیٹو آنے پر مسافر متعلقہ ملک واپس جائے گا،ایران اور افغانستان سے سرحد کی بندش 4اور 5مئی کی درمیانی شب سے نافذ ہو کر 19اور 20مئی کی درمیانی شب تک لاگو رہے گی،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ان پابندیوں کا کارگو، باہمی تجارت اور پاک افغان ٹریڈ پر اطلاق نہیں ہوگا، باڈرز ٹرمینل پر تمام ڈرائیورز اور معاون ڈرائیورز کی تھرل سیکنگ ہوگی، مثبت رپورٹ آنے والے افراد کو پالیسی کے تحت ڈیل کیا جائے گا،این سی او سی کے مطابق  افغانستان اور ایران جانے والوں کو واپسی کی اجازت ہو گی، دونوں ممالک سے زمینی راستے کے ذریعے آنے والے پاکستانی مسافروں کا آر اے ٹی ٹیسٹ ہوگا، مثبت کیس آنے پر پاکستانیوں کو قریبی قرنطینہ سینٹر منتقل کیا جائے گا۔
سرحدیں بند

مزید :

صفحہ اول -