صفائی کی ابتر صورتحال، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام کو سرزنش، کوڑا کرکٹ جلداٹھایا جائے: عثما ن بزدار

    صفائی کی ابتر صورتحال، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام کو سرزنش، کوڑا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور شہر کا بغیر پروٹوکول دورہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہر میں لاک ڈاون کی صورتحال کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاک ڈاون کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اورمارکیٹوں اور بازاروں کی بندش کے حوالے سے بھرپور تعاون پر تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے پر انتظامیہ، پولیس،فوج اور رینجرز کی کارکردگی کو سراہا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صفائی کے انتظامات کا بھی مشاہدہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جیل روڈ، فیروز پور روڈ، گلبرگ، گارڈن ٹاون، ماڈل ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں لاک ڈاون کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صفائی کی خراب صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کیا اورلاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام کی سرزنش کی اورشہر میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون کے حوالے سے شہریوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔لاک ڈاون شہریوں کے تحفظ کیلئے ہے۔کورونا کی صورتحال کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ شہری مزید پابندیوں سے بچنا چاہتے ہیں تو حکومت کی ہدایات پر 100 فیصد عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ شہر میں صفائی کے انتظامات تسلی بخش نہیں۔ کوڑا کرکٹ کو جلد اٹھایا جائے اور صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے موثر انداز میں کام کیا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پیپلز پارٹی کے ا رکان پنجاب اسمبلی رئیس نبیل احمد اور غضنفر علی خان نے ملاقات کی۔پی پی 265سے منتخب رئیس نبیل احمد اور پی پی 255 سے منتخب غضنفر علی خان کا وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر اظہار اعتمادکیا۔رئیس نبیل احمد اور غضنفر علی خان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو حلقے کے مسائل اورعوامی ضروریات سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ترقی پر ہر شہر اورقصبے کے عوام کا حق ہے۔سابق دور میں پسماندہ علاقوں کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا گیا۔سابق حکمرانوں نے دور دراز علاقوں کے فنڈز پر جانتے بوجھتے ڈاکہ ڈالا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ترقیاتی وسائل کی بندربانٹ کے باعث پسماندہ شہر وں کی محرومیو ں میں اضافہ ہوا۔ہماری حکومت ترقی کے سفر میں پسماندہ علاقوں کو ساتھ لے کر چل رہی ہے۔ترقی مخالف عناصرپراپیگنڈا کے ذریعے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے۔شور مچانے والے عناصر پیچھے رہ گئے ہیں۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے کی جانب بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تنقید کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھیں گے۔عوامی نمائندوں کی عزت میں کمی نہیں آنے دیں گے۔منتخب نمائندوں کے جائز کام ہر صورت ہوں گے۔
ملاقات

مزید :

صفحہ اول -