فردوس عاشق نے اتوار بازار میں اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف کو جھاڑ پلا دی 

فردوس عاشق نے اتوار بازار میں اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف کو جھاڑ پلا دی 

  

لاہور،سیالکوٹ (جنرل رپورٹر،کرائم رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) سیالکوٹ سونیا صدف کو اتواربازار میں سب کے سامنے ڈانٹ پلادی۔فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں بازار کا دورہ کیا اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ بھی لیا۔ اس دوران معاون خصوصی نے اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کو بازار میں سب کے سامنے ڈانٹ دیا اور کہا افسر شاہی کی کارستانیاں حکومت بھگت رہی ہے، آپ اے سی ہیں تو عوام کا سامنا کریں چھپ کیوں رہی ہیں؟فردوس عاشق کا کہنا تھاکہ ہر شہر کے رمضان بازار کا دورہ کیا مگر سب سے برا حال سیالکوٹ کا ہے، آپ کی حرکتیں ہی اسسٹنٹ کمشنر والی نہیں۔ڈانٹ ڈپٹ کے دوران اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف  پنڈال سے باہر نکل گئیں۔ دریں اثنا چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے سیالکوٹ میں اسسٹنٹ کمشنر کیساتھ وزیر اعلی پنجاب کی مشیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے توہین آمیز رویے کیخلاف وزیراعلی پنجاب سے شدید احتجاج کیا، چیف سیکرٹری نے وزیراعلی سے کہا فردوس عاشق اعوان کے رویے کا نوٹس لیا جائے انکے رویے کیخلاف پورے پنجاب کے افسر وں کی دل آزاری ہوئی ہے اور وہ احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں، وزیر اعلی سے چیف سیکرٹری نے کہا مجھ سے پی ایم ایس افسروں اور ڈی ایم جی گروپ کی تنظیموں نے بھی احتجاج کیا ہے اس حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے سیالکوٹ واقعہ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے سیالکوٹ کے رمضان بازار میں انتظامی افسر کیساتھ غیر مہذب برتاو کی مذمت کرتے ہیں۔ایک بیان میں چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف اور دیگر انتظامی افسران سخت گرمی اور کورونا کی وباء کے باوجود فرنٹ لائن پر موجود ہیں۔ کسی بھی سرکاری افسر یا عملے کیساتھ غیر اخلاقی زبان استعمال کرنا قابل مذمت ہے، پنجاب بھر میں انتظامی افسران دن رات عوام کی سہولت کیلئے فیلڈ میں موجود ہیں جو قابل ستائش ہے۔ کسی کو یہ زیب نہیں دیتا وہ سرکاری افسران کی تذلیل کرے، فیلڈ میں موجود تمام افسران کی انتھک محنت اور جرت کو سلام پیش کرتے ہیں۔

فردوس ڈانٹ 

مزید :

صفحہ اول -