مہاجر حقوق کیلئے عید کے بعد سڑکوں پر نکلیں گے: ڈاکٹر سلیم حیدر

      مہاجر حقوق کیلئے عید کے بعد سڑکوں پر نکلیں گے: ڈاکٹر سلیم حیدر

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر اتحاد تحریک کے مشاورتی کونسل کے رکن نعمان حسن ایڈوکیٹ کی رہائش گاہ پر افطار پارٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم آئی ٹی کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے عظیم احمد طارق کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے مہاجر قوم کے حقوق کیلئے آواز بلند کی اور وہ مہاجروں کے روشن مستقبل کیلئے جدوجہد کررہے تھے لیکن وہ اپنے ہی لوگوں کی سازشوں کی بھینٹ چڑھ گئے۔ اس موقع پر عظیم احمد طارق کے درجات کی بلندی اور ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی، افطار پارٹی میں خالد ممتاز ایڈوکیٹ، شاہ منیر قادری، راشد رضوی، فہیم برنی، نفیس احمد خان، اعجاز شیخ، رشید قریشی، شاہد شہاب، رشید کوثر، منان حیات، مختیار قریشی، کیپٹن کامل علی خان، ملک صادق، ندیم بیگ، شہزاد قریشی، خرم علی خان، سید وسیم علی، عامر محمود، اقبال خان، حکیم اظہر بھنبھوری اور حمزہ سمیت دیگر نے خطاب اور شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ ایم آئی ٹی پورے سندھ میں تنظیم کو دوبارہ منظم کرکے عید کے بعد ایک بھرپور تحریک کی شکل دے گی اس کیلئے تمام مہاجر دوستوں، ہمدردوں اور کارکنان ایم آئی ٹی میں شامل ہوکر اس کے ہاتھ مضبوط کریں، انہوں نے کہاکہ ایک منصوبے کے تحت کراچی پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اس کیلئے پیپلزپارٹی کی نسل پرست حکومت نے سندھ کے علیحدگی پسند قوم پرستوں کی خدمات حاصل کی ہیں اور اس کے عیوض انہیں سرکاری خزانے سے مراعاتیں دی جارہی ہیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -