مہنگائی کم کریں، ترقیاتی کام بڑھائیں: عمران خان 

  مہنگائی کم کریں، ترقیاتی کام بڑھائیں: عمران خان 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے آئندہ  بجٹ میں ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبے تشکیل دیے جائیں اور مہنگائی کی شرح کو روکنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیراعظم کے زیر صدارت آئندہ بجٹ اور ملکی معیشت کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، شفقت محمود، اسد عمر، فواد چودھری، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، صوبائی وزرا ہاشم جواں بخت، تیمور سلیم جھگڑا اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ بجٹ کے حوالے سے پارٹی کی سینئر قیادت سے تجاویز طلب کی گئیں۔اجلاس میں ملکی معیشت، مہنگائی کو روکنے کیلئے حکمت عملی اور آئندہ مالی سال میں ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔اجلاس کو بتایا گیا آئندہ مالی سال کا بجٹ ترقیاتی بجٹ ہوگا جس میں تمام تر توجہ شرح نمو میں اضافے پر ہوگی۔ آئندہ مالی سال میں ترقیاتی کاموں کو مزید تیز تر کرکے نئے منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا جس سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہونگے جی ڈی پی کا حجم بڑھے گا اور محصولات میں اضافہ ہوگا۔اجلاس کو بتایا گیا کورونا کی وجہ سے دنیا بھر کی معیشت متاثر ہوئی تاہم حکومت کی جامع پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت کا پہیہ رواں ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کورونا وباء کے باوجود حالیہ سمارٹ لاک ڈاؤن سے پہلے محصولات کی شرح پچھلے سال اپریل سے تقریباً دْوگْنا ریکارڈ کی گئی۔وزیراعظم کو مہنگائی کو روکنے کیلئے بنائی گئی جامع حکمتِ عملی سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے اس موقع پر ہدایت دی کہ آئندہ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ جاری منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنانے کیساتھ ساتھ عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کو حتمی شکل دی جائے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی ترقیاتی منصوبوں کیساتھ ساتھ مہنگائی کی شرح کو روکنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے بغیر  پروٹوکول کے اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا وزیراعظم عمران خان اپنی گاڑی خود چلا رہے تھے، وزیراعظم کے ہمراہ چیئرمین سی ڈی اے عامر احمد علی بھی موجود تھے، وزیراعظم کیساتھ وزیراعظم آفس کے عملے کا کوئی اہلکار نہیں تھا۔ وزیراعظم نے ارجنٹائن پارک، ٹریل فائیو، مرغزار اور مارگلہ روڈ کا دورہ کیا اور شجرکاری مہم میں لگائے گئے پودوں کو بھی چیک کیا۔ وزیراعظم نے اسلام آباد میں مرمت کی گئی سڑکوں کا معائنہ بھی کیا جبکہ وزیراعظم کو چیئرمین سی ڈی اے نے ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی۔وزیر اعظم نے احساس ریڑی بان پراجیکٹ، رمضان سستا بازار اور دیگر پراجیکٹ کا جائزہ لیا اور عوام سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے تاثرات بھی سنے،۔وزیر اعظم نے جی 11 مرکز کا دورہ بھی کیا اور دکانداروں سے گفتگو کی۔ انہوں نے انہیں ہدایت کی کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں۔وزیر اعظم جی الیون مرکز میں ریڑھی بانوں کے پاس بھی گئے اور ان کو کورونا ایس او پیز پر عملدرآمدکی ہدایت کی۔
عمران خان

مزید :

صفحہ اول -