مراد علی شاہ کی عید کے بعد سڑکوں کاکام فوری شروع کرنیکی ہدایت 

      مراد علی شاہ کی عید کے بعد سڑکوں کاکام فوری شروع کرنیکی ہدایت 

  

 کراچی(سٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مرا دعلی شاہ کی جانب سے کراچی شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کے دوران عید کے فورا بعد سڑکوں کا کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ترجمان وزیراعلی سندھ کے مطابق سید مراد علی شاہ نے کیماڑی میں روڈ کی تعمیر کا جائزہ لیا۔اس دوران مراد علی شاہ نے کہاکہ گلبائی سے لے کے وائی جنکشن تک روڈ کا کام تیزی سے جاری ہے، یہ روڈ 5.5 کلومیٹر طویل اور 10.5میٹر چوڑی ہے، روڈ کی تعمیرکا کام 65 فیصد مکمل ہو چکا ہے، اس روڈ کے ساتھ پہلی بار پانی اورسیوریج کی لائنیں ڈالی گئی، پانی اور سیوریج کی لائنیں ڈالنے کا مطالبہ پرانا تھا۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ گلبائی اور وائی جنشکن روڈ کے کراسنگ میں 6 نالے ہیں،  ان نالوں کی تعمیرنو،صفائی اورکشادگی کا کام بھی ساتھ میں ہوگا۔وزیراعلی سندھ کی جانب سے اس دوران پروجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی گئی ہے کہ مجھے جون تک روڈ مکمل چاہیے۔وزیراعلی سندھ کی جانب سے رشید آباد روڈ، سائٹ کا بھی دورہ کیا گیا۔اس دوران انہوں نے کہاکہ سائٹ میں صنعتوں کی طرف آنے اور جانے والی 17 سڑکیں تعمیر کی جائیں گی،  اسکیم 1.1 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے، نالوں کی صفائی اور تعمیر کا کام ہوگا۔انہوں نے کہا ہے کہ ان 17 سڑکوں کے سروے کا کام مکمل ہوچکا ہے، صنعتی ترقی کے لیے مجوزہ روڈز کی تعمیر بہت اہمیت کی حامل ہے۔دورے کے دوران وزیراعلی سندھ نے ماڑی پور نالے کی صفائی کے کام کا بھی جائزہ لیا۔

مزید :

صفحہ اول -