عوام کے عدم تعاون سے مکمل لاک ڈاؤن لگانا ناگزیر ہو جائیگا: فردو س عاشق

عوام کے عدم تعاون سے مکمل لاک ڈاؤن لگانا ناگزیر ہو جائیگا: فردو س عاشق

  

  سیالکوٹ،لاہور(بیورورپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) سیالکوٹ سونیا صدف کو بازار میں سب کے سامنے ڈانٹ پلادی۔فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں بازار کا دورہ کیا اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ بھی لیا۔ اس دوران معاون خصوصی نے اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کو بازار میں سب کے سامنے ڈانٹ دیا اور کہا افسر شاہی کی کارستانیاں حکومت بھگت رہی ہے، آپ اے سی ہیں تو عوام کا سا منا کریں چھپ کیوں رہی ہیں؟فردوس عاشق کا کہنا تھا ہر شہر کے رمضان بازار کا دورہ کیا مگر سب سے برا حال سیالکوٹ کا ہے، آپ کی حرکتیں ہی اسسٹنٹ کمشنر والی نہیں۔ڈانٹ ڈپٹ کے دوران اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف غصے سے پنڈال سے باہر نکل گئیں۔واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل سامنے آ رہا ہے۔قبل ازیں معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے خبردار کیا کہ عوام کا عدم تعاون مکمل لاک ڈاون اقدا ما ت کی جانب لے جائیگا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا پنجاب میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح میں اضافہ خطرناک ہے، اموات کی بڑھتی شرح تقاضا کرتی ہے احتیاطی تدابیر(ایس او پیز)پر سختی سے عمل کیا جائے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ عوام کا عدم تعاون مکمل لاک ڈاون اقدامات کی جانب لے جائے گا۔ فردوس عاشق نے کہا کہ قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے حکومتی سطح پر ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں، ایس اوپیز پر عمل کے لیے عوامی تعاون اتنا اہم ہے کہ ماضی میں کبھی نہ تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو حکومت کے ساتھ اپنی، دوسروں کی زندگیوں کی حفاظت کرنا ہوگی۔

فردوس عاشق

مزید :

صفحہ اول -