وبا کے دنوں میں مریضوں کو مفت آکسیجن سلنڈر فراہم کرنے والا پاکستانی ڈیلر لوگوں کے لیے مثال بن گیا
کراچی (ویب ڈیسک) پاک اورینٹ گیسز کمپنی کے نام سے کام کرنے والے آکسیجن ڈیلر محمد کاشف نے کورونا کی وباسے قبل بھی مستحق مریضوں کو مفت آکسیجن فراہم کر رہے تھے تاہم کورونا کی وباکے دوران آکسیجن کی طلب بڑھنے کی وجہ سے مستحق اور غریب طبقہ کے لیے آکسیجن کا حصول مشکل ہوگیا جس پر میں نے مفت فراہمی کا دائرہ مزید وسیع کردیا۔
ایکسپریس کے مطابق محمد کاشف نے بتایا کہ ایسے افراد جو رعایت مانگتے ہیں انھیں نصف تک رعایت دیتے ہیں اور جو لوگ آکسیجن خریدنے کی سکت نہیں رکھتے انھیں مفت آکسیجن سلنڈر فراہم کرتے ہیں۔محمد کاشف کے مطابق آکسیجن کی طلب میں غیرمعمولی اضافہ نہیں ہوا اور قیمت میں بھی گزشتہ ہفتہ 100روپے کا اضافہ ہوا ہے جو کم زیادہ ہوتی رہتی ہے، بیشتر مستحق افراد سلنڈر خریدنے کی سکت نہیں رکھتے اور اشد ضرورت کے حامل خاندانوں کو وہ آکسیجن سلنڈر بھی مہیا کرتے ہیں، آکسیجن کی فراہمی کے اخراجات ان کے اہل خانہ اٹھاتے ہیں اور اب مخیر حضرات بھی ان کے ساتھ مل کر مستحق افراد کو آکسیجن کی فراہمی آسان بنارہے ہیں۔
محمد کاشف نے بتایا کہ ان کی کمپنی کئی سال سے گیسز کا کاروبار کررہی ہے اور کراچی کے چھوٹے بڑے 80سے زائد اسپتالوں کوبھی آکسیجن سلنڈر سپلائی کرتی ہے، آکسیجن کی قلت اور طلب میں غیرمعمولی اضافہ کی اطلاعات غلط ہیں ان دنوں بھی ان کے پاس تین چار فیملیز ہی آتی ہیں جو مفت آکسیجن کی درخواست کرتی ہیں۔