این اے 249 میں دردناک شکست پر کراچی سے پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی شہزاد اعوان نے وزیراعظم کو خط لکھ دیا ، پریشان کن حقائق سے آ گاہ کر دیا 

این اے 249 میں دردناک شکست پر کراچی سے پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی شہزاد اعوان نے ...
این اے 249 میں دردناک شکست پر کراچی سے پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی شہزاد اعوان نے وزیراعظم کو خط لکھ دیا ، پریشان کن حقائق سے آ گاہ کر دیا 

  

 کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کو قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 میں دردناک شکست کا سامنا کرنا پڑا جس پر اب پارٹی کے اندر اور باہر دونوں بحث جاری ہے اور ایسی صورتحال میں بلدیہ سے رکن سندھ اسمبلی شہزاد اعوان نے وزیراعظم عمران خان ، گورنر سندھ ، چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی کو خط لکھتے ہوئے شدید تحفظات کا اظہار کر دیاہے اور کہا کہ ہماری جماعت کا مقامی ڈھانچہ مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے۔

نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق شہزاد اعوان نے سب سے پہلے تحریک انصاف کے امیدوار امجد آفریدی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا کہ یہ امیدوار بہت کمزور ہے، یہ یوسی اور سندھ اسمبلی کی نشست پر ہار چکا ہے پارٹی کو نقصان ہو گا۔ شہزاد نے خط میں لکھا ہے کہ میں نے پہلے کہا تھا کہ یہ امیدوار مناسب نہیں میرے خدشات سچ ثابت ہوئے۔

انھوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان صاحب کے کہنے پر ہم نے ان کی انتخابی مہم چلائی لیکن مجھ سمیت تمام لوگ بہتر انداز سے مہم نہیں چلا سکے، میں وزیر اعظم کے حکم پر انتخابی مہم چلائی لیکن میرے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی جارہی ہے کہ میری وجہ سے ہارے ہیں، این اے 249میں شکست کی وجہ جاننے کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے۔

سینئر ممبر پر مشتمل کمیٹی تعین کرے کہ شکست کے عوامل کیا ہیں، مجھ سمیت جن افراد کو جو فرائض سونپے گئے وہ ناکام رہے ہم فرائض کی غفلت کے باعث ووٹرز کو نکال نہیں سکے۔ خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ بلدیہ ٹاون میں حکمت عملی کا فقدان تھا اور غلط فیصلوں کی وجہ سے عبرت ناک شکست ہوئی، اس میں جس کی کوتاہی ہو اس کے خلاف کارروائی کی جائے، ہماری جماعت کا مقامی ڈھانچہ مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے۔

مزید :

قومی -