وزیر اعظم کا تمام ہسپتالوں میں مفت ادویات فراہم کرنے کا حکم

وزیر اعظم کا تمام ہسپتالوں میں مفت ادویات فراہم کرنے کا حکم

  

لاہور (جنرل رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے  تمام ہسپتالوں میں ادویات مفت فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کیلئے کوئی رقم نہ لی جائے، وزیراعظم نے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کینسر کے مریضوں کو ادویات نہ ملنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پورے پاکستان کے سرکاری ہسپتالوں میں فری ادویات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ پنجاب کے مختلف سرکاری ہسپتالوں اور لیبارٹریز کو پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کیساتھ منسلک کیا جائے گا۔ دریں اثنا پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کے فیصلوں پر عملدرآمد کے لئے معاشی ٹیم پاکستان آئے گی اور وزیراعظم شہبازشریف سے(آج)  لاہور میں ملاقات کرے گی۔ متحدہ عرب امارات کے معاشی ماہرین کا وفد پاکستان کا ہنگامی دورہ کرے گا، وزیراعظم شہباز شریف سے یو اے ای کا وفد 3 مئی کو لاہور میں ملاقات کرے گا، یو اے ای کے وفد اور وزیراعظم کی معاشی ٹیم میں ملاقات ہوگی جس کے دوران پاکستان اور یو اے ای کے درمیان معاشی سرگرمیاں تیز کرنے سے متعلق تجاویز پر غور ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق بات چیت ہو گی، وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق ماحول اور پالیسی سے آگاہ کیا جائے گا، توانائی، معاشیات، پٹرولیم انڈسٹری کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوگی۔وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کو عیدالفطر کی مبارک دیتے ہوئے ان کیلئے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا ہے۔ عید پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہاکہ رمضان المبارک کی بابرکت سعادتوں اور رحمتوں سے بھرپور ساعتوں کے بعد اللہ تعالی نے عید کا انعام عطا فرمایا ہے جو رب کریم کی بے پناہ عنایات کا مظہر ہے، صبر، ایثار اور قربانی کے اس ماہ مقدس نے ہمیں دوسروں کی تکالیف کا جو احساس عطا کیا ہے، اس کا تقاضا ہے کہ عید الفطر کی خوشیاں مناتے ہوئے ہم اپنے ارد گرد تمام نادار ومفلس اور ضرورت مند افراد اور خاندانوں کا خاص خیال رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ ہی اس دن کی حقیقی روح اور نبی رحمت کی سنت اطہر کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت قوم کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے مکمل نجات دلانے کے لئے پرعزم ہے اور بھرپور کوششیں کررہی ہے۔ عید الفطرکے تین روز لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ اہل وطن عید کی خوشیاں بھرپور انداز میں مناسکیں۔ انہوں نے کہاکہ عید الفطرکی خوشیوں اور پہلے سے مہنگائی سے پسی ہوئی عوام کی تکالیف کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ میرا اپنی قوم سے وعدہ ہے کہ ہمارا ہر دن، ہر پَل اور ہر صلاحیت آپ کی زندگیوں میں آسانی لانے کے لئے صرف ہوگی،ہر آنے والے دن کے ساتھ آپ محسوس کریں گے کہ آپ کی حکومت کی محنت کے نتیجے میں آپ کی مشکلات میں کمی آرہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ خوشیوں کے اس دن ہم اپنے فلسطین اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے محکوم مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی انہیں ظلم وجبر واستبداد سے نجات دلائے اور آزادی کی نعمت سے سرفراز فرمائے۔ ہم اپنے افغان عوام کے لئے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے افغانستان میں پائیدار امن، ترقی اور خوش حالی کے لئے دعا گو ہیں۔ 

مفت ادویات

 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمدبن خلیفہ آل ثانی کو ٹیلی فون کیا اور عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر مبارک پیش کی۔ وزیراعظم نے خوشی کے اس موقع پر قطر کے برادر عوام کے لئے بھی نیک تمناں اور خواہشات کا پیغام دیا۔ امیر قطر نے جوابی گرموجوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کو عید کی مبارک پیش کی اور پاکستان کے عوام لئے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک کے قائدین نے بہترین دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بھرپور وفعال سیاسی ومعاشی روابط کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں قائدین نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطہ استوار رکھنے اور مل کر چلنے پر اتفاق کیا۔  وزیراعظم نے امیر قطر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ امیر قطر نے وزیراعظم کو قطر کے دورے کی جوابی دعوت دی۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بحرین کے بادشاہ  حمد بن عیسی آل خلیفہ سے آج ٹیلی فون پر گفتگو کی اور انہیں عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر مبارک پیش کی۔ وزیراعظم نے خوشی کے اس موقع پر بحرین کے برادر عوام کی مسلسل ترقی اور خوش حالی کے لئے بھی نیک تمناؤں اور خواہشات کا پیغام دیا۔ وزیراعظم نے اعادہ کیا کہ پاکستان سلطنت بحرین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کورونا عالمی وباکے دوران بحرین کی حکومت کی طرف سے وہاں مقیم پاکستانیوں کی دیکھ بھال کے لئے اقدامات کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف کی عید کی مبارک اور بحرین کے عوام کے لئے خیرسگالی کی خواہشات پر بحرین کے شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے عیدالفطر اور حالیہ انتخاب میں وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر وزیراعظم شہبازشریف کو مبارک پیش کی۔ وزیراعظم نے ترک صدر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، شہباز شریف نے دونوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔شہباز شریف نے ترک صدر طیب اردوان کو ٹیلیفون کرکے عید الفطر کی مبارکباد دی، ترک حکومت، قیادت اور عوام کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ترک صدر نے شہبازشریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پرمبارکباد دی، دونوں ممالک کی قیادت نے دوطرفہ مثالی تعلقات پر اطمینان اظہار کرتے ہوئے تمام شعبوں میں باہمی تعاون کے مزید فروغ کیعزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ترک سرمایہ کار پاکستان میں کاروبار دوست ماحول سے استفادہ کریں، رواں سال 75 سالہ سفارتی تعلقات کی سالگرہ منائی جائے گی، پاک ترک قیادت مسئلہ کشمیر پر اصولی موقف کی حمایت کیلئے ترک صدر کے مشکور ہیں۔شہباز شریف نے طیب اردوان کو افغانستان میں انسانی بحران کے مسئلہ سے آگاہ کیا، دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے معاملات پر قریبی روابط کے تسلسل پر اتفاق کیا گیا جبکہ وزیراعظم نے ترک صدر کو دورہ پاکستان بھی دعوت دی۔

وزیر اعظم ادویات

مزید :

صفحہ اول -