خیبرپختونخوا میں عید الفطر منالی گئی،باقی صوبوں میں آج عقیدت و احترام سے منائی جائیگی

خیبرپختونخوا میں عید الفطر منالی گئی،باقی صوبوں میں آج عقیدت و احترام سے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


     پشاور،اسلام آباد،لاہور، کراچی، لودھراں (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں) پاکستان میں عید پھر متنازعہ رہی، ایک سال کے وقفے کے بعد ملک میں پھر سے دو عیدیں منائی جا رہی ہیں۔ خیبر پختو نخوا میں عید الفطر کی نماز ادا کر دی گئی۔ پا کستان کے دیگر صوبوں میں سوموار کو روزہ تھا۔ سرکاری طور پر اعلان کے بعد خیبر پختونخوا کی بیشترمساجد میں عید کے اجتماعات ہوئے۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے عیدالفطر کی نماز گورنر ہاوس کی مسجد میں ادا کی۔ صوبائی کابینہ اراکین وزراء نے بھی وزیر اعلی کے ہمراہ نماز عید ادا کی۔دوسری جانب بوہری برادری نے بھی سومو ار کو عیدالفطر منا ئی۔کراچی کے علاقے صدر میں بوہری جماعت خانے میں نماز عید ادا کی گئی، جس کے بعد بوہری برادری نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔اس موقع پر بوہری جماعت خانے کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور بوہری جماعت خانے کی طرف جانے والی سڑک کو دونوں جانب سے بند کر دیا گیا تھا۔ادھرلودھراں میں تین مقامات پر عید الفطر کی نماز ادا کر دی گئی، جس میں تین سو سے زائد نمازیوں نے شرکت کی اور ایک دوسرے کو گلے لگ کر عید کی مبارکبادیں پیش کی گئیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق لودھراں کے تین مقامات  بستی پھوکر والا، بستی دوران والا پل اور چک 95 ایم میں عید الفطر کے اجتماعات منعقد کئے گئے، اور ان میں لاہور سے تعلق رکھنے والے مولانا فضل احمد چشتی کے پیروکاروں نے شرکت اور نماز عید الفطر ادا کی۔باقی ملک میں 30 روزے پورے ہوگئے، اورآج ملک بھر میں عیدالفطر منائی جائے گی، اسلام آباد میں فیصل مسجد، لاہور میں بادشاہی مسجد، کراچی میں میمن مسجد میں بڑے اجتماعات کی تیاریاں، سکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیئے گئے جبکہ مختلف سیاستدان عید الفطر منانے کیلئے آبائی علاقوں میں چلے گئے۔دوسری جانب بابائے کرکٹ انگلینڈ میں کاؤنٹی کھیلتے قومی فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی، حارث رؤف اور محمد عامر عید کے رنگ میں رنگ گئے، دونوں نوجوان کرکٹرز نے عید مبارک کا پیغام بھی دیا جبکہ بورڈ حکام سے ناراض محمد عامر نے اپنی اہلیہ نرجس کیساتھ تصویر شیئر کی۔ادھر پشاور میں عید منانے والے قومی باؤلر ساجد خان اور نسیم شاہ بھی دیدہ زیب لباس میں نظر آئے، اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر مداحوں کیلئے ”عید مبارک“ کا پیغام لکھ کر تصاویر شیئر کیں۔صدرمملکت علوی،وزیراعظم شہباز شریف،وزیراعلی پنجاب حمزہ،قائد مسلم لیگ (ن)نوازشریف،وزیرخارجہ بلاول،سابق صدرزرداری،عمران خان،سراج الحق،مریم نواز،آرمی چیف جنرل باجوہ،چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی نے مسلمانانِ عالم اسلام اور خاص طور پر پاکستانیوں کو عید الفطر کے بابرکت اور پر مسرت موقع پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے ماہ رمضان کی عبادات قوم میں تقویٰ، نظم وضبط اور صبرو تحمل کی خوبیوں کو فروغ دیتی ہیں۔تمام اہل اسلام اسی جوش وجذبے کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی دنیاوی اور آخرت کی زندگی کو کامیاب بنائیں۔ ماہ رمضان مسلمانوں کیلئے اللہ تبارک تعالیٰ کی طرف سے ایک عظیم تحفہ ہے جس کے فیوض و برکات سے مستفید ہو کر آخرت کی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کی عبادات اور دعائیں قبول فرماتا ہے۔
عید الفطر

 ریاض، دبئی، لندن، پیرس (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں) سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور خلیجی ممالک سمیت برطانیہ اور فرانس میں بھی پیر کو عید منائی گئی۔شاہ سلمان، ولی عہد محمد بن سلمان اور گورنر مکہ نے نماز عید مسجد الحرام میں ادا کی جبکہ مسجد نبوی ؐ میں بھی بڑی تعداد میں لوگوں نے نماز عید ادا کی۔ اس کے علاوہ مسجد قبلتین اور مسجد قباء میں بھی نماز عید ادا کی گئی۔سعودی عرب میں دو سال بعد تمام مساجد اور عیدگاہوں میں مکمل گنجائش کیساتھ نماز عید ادا کی گئی۔ادھر دبئی کی مساجد اور عیدگاہوں میں بھی نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے، دبئی کی پاکستانی مسجد میں پاکستانی برادری نے نماز عید ادا کی،جبکہ بھارت، بنگلا دیش اور سری لنکا میں عیدالفطر کل ہو گی۔
یورپ،عرب ممالک 

مزید :

صفحہ اول -