ثاقب نثار نے ملک کے ساتھ بہت ظلم کیا، نواز شریف کی میڈیا سے گفتگو
لندن(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ثاقب نثار نے پاکستان کے ساتھ بہت ظلم کیا ہے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے لوگوں کے ساتھ بہت زیادتیاں کی ہیں ، وہ کس کس چیز کا دفاع کریں گے، ثاقب نثار نے ملک کے ساتھ جو کچھ کیا ہے وہ ناقابل معافی ہے، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ثاقب نثار نے قانون کو توڑا ہے جو آئین کو توڑتا ہے وہ جیل جاتا ہے، جسٹس شوکت صدیقی نے ثاقب نثار سے متعلق جو باتیں کی ہیں اس پر تحقیقات ہونی چاہیے۔
صحافی نے نواز شریف سے سوال کیا کہ ثاقب نثار کہتے ہیں میں پرائیویٹ آدمی ہوں ٹکٹ بیچنا میرا حق ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ اس سوال کے جواب میں جو باتیں میرے ذہن میں آرہی ہیں وہ باتیں کیمرے کے سامنے نہیں کی جا سکتیں۔