عیدالفطر پر ریلیز فلموں کی کامیابی خوش آئند ہے، شوبز شخصیات
لاہور(فلم رپورٹر) شوبز کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کا کہنا ہے کہ عید الفطر پرعام نمائش کے لئے پیش کی جانے والی فلموں کی کامیابی یقینی طو رپر فلم انڈسٹری کے لئے حوصلے کا باعث ہے ، خاص طور پر چھوٹے بجٹ کی پنجابی فلموں کو سوچ سے زیادہ پذیرائی ملی ہے ۔فلم فیڈریشن آف پاکستان کے چیئرمین سینئر اداکار اچھہ خان نے کہا کہ اس رجحان سے وہ فلمساز بھی دوبارہ فلم انڈسٹری کی طرف آئیں گے جو خاموش ہو کر گھروں میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ڈائریکٹر جرار رضوی نے کہا کہپاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش ممنوع ہے اس لئے پاکستانی فلم انڈسٹری کو اس کا بھرپور انداز میں فائدہ اٹھانا چاہیے اور اس طرح کی فلمیں بنانی چاہیے تاکہ لوگ سینما گھروں کا رخ کریں ۔ ڈائریکٹر مسعود بٹ نے کہا کہ میں بھی ”کرسی “ کے نام سے ایک نئے پراجیکٹ کی منصوبہ بندی کر رہا ہوں اور عنقریب اس کی تفصیلات سے میڈیا کے دوستوں کو آگاہ کر دیا جائے گا۔ڈائریکٹر شاہد رانا ”لاہور قلندر“کی کامیابی کے بعد ”شاہو“کے نام سے نئی فلم بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔