جنوبی پنجاب : اہم منصوبوں پر فوکس ، 251ارب مختص ، ڈیرہ کیلئے ڈویلپمنٹ پلان تیار کرنیکا حکم
ملتان،ڈیرہ غازیخان (سپیشل رپورٹر،سٹی رپورٹر، نمائندہ خصوصی، نامہ نگار)ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن( ر )ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ خطے کی تیز تر ترقی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا اولین ایجنڈا ہے،اسی لئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جنوبی پنجاب کے منصوبوں کے لئے 251ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جس میں سے جاری کردہ فنڈز کا 78 فیصد خرچ کردیا گیا ہے۔انہوں نے ضلع ڈیرہ غازی خان کے مستقبل(بقیہ نمبر21صفحہ6پر )
کی دس برس کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈویلپمنٹ پلان تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترقیاتی پروگرام کے منصوبوں کے فنڈز لیپس ہونے کی صورت میں متعلقہ آفیسرذمہ دار ہو گا۔ انہوں نے گندم خریداری کا ٹارگٹ مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ گندم اور آٹے کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون کیا جائے۔ وہ سالانہ ترقیاتی پروگرام، گندم خریداری مہم اور کپاس کی فصل بارے کمشنرآفس ڈیرہ غازیخان میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔اجلاس میں جنوبی پنجاب کے تمام ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز اور کمشنر ڈی جی خان ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان شاہد زمان نے بریفنگ دی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن( ر) ثاقب ظفر نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر سے ان کی لاگت میں اضافہ ہوجاتا ہے اس لئے ترقیاتی منصوبوں کی معینہ مدت کے اندر تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی ایک ایک پائی قوم کی امانت ہے، اسے انتہائی دیانتداری سے خرچ کیا جائے اور منصوبوں پرتعمیر کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کے لئے سائٹ وزٹ کئے جائیں۔ کیپٹن( ر )ثاقب ظفر نے کہا کہ ڈی جی خان اور راجن پور کے اضلاع میں سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے بتایا کہ ڈی جی خان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کاایمرجنسی بلاک 30 جون تک فنکشنل کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا گندم خریداری مہم میں جنوبی پنجاب پورے پاکستان کو لیڈ کررہا ہے،اس لئے فوڈ سکیورٹی بارے کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ گندم خریداری کا ٹارگٹ حاصل کرنے کے لئے مہم میں تیزی لائی جائے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے کپاس کے کاشتکاروں کو مکمل معاونت فراہمی کی ہدایت کی اور بتایا کہ حکومت نے کپاس کی امدادی قیمت کم سے کم8500روپے فی من مقرر کی ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع ڈیرہ غازیخان میں1ارب77 کروڑ روپے کی لاگت سے 239منصوبوں پر کام جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع ڈی جی خان سے2لاکھ میٹرک ٹن گندم خریداری کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے جبکہ 92 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدلی گئی ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ گندم کی بین الصوبائی اور بین الاضلاعی سمگلنگ روکنے کے لئے بھرپور کاروائی جاری ہے اور گندم اور آٹے کے45 سمگلرز کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہیں اور 52 کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ان سے 1030میٹرک ٹن گندم اور 80 میٹرک ٹن آٹا قبضے میں لیاگیا ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف 13مقدمات درج کئے گئے اور 16 عناصر کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ذخیرہ کی گئی 3438 میٹرک ٹن گندم کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔قبل ازیں ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے گندم خریداری مراکز کا دورہ کیا، خریداری کا جائزہ لیا اور کاشکاروں سے بھی گفتگو کی۔دریں اثناءایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کمشنر آفس پہنچے تو بارڈر ملٹری پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔