4ماہ میں 2600ٹرانسفارمرز سسٹم میں داخل کئے گئے، حافظ میاں نعمان
لاہور(نیوز رپورٹر)چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز میاں حافظ محمد نعمان کی زیر صدارت گزشتہ روز ایسٹرن سرکل میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جہاں چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر، چیف انجینئر او اینڈ ایم طاہر میؤ، کسٹمر سروسز ڈائریکٹر رائے محمد اصغر، ایس ای ایسٹرن سرور مغل سمیت ایکسئینز، ایس ڈی اوز، اور سرکل سے تعلق رکھنے والی صارفین کی ایک بڑی تعداد موجود موجود تھی۔چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز میاں حافظ محمد نعمان کا کہنا تھا کہ تمام لیسکو ریجن میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 4ماہ کے دوران 2600ٹرانسفارمرز سسٹم میں داخل کئے گئے،ٹرپنگ پر قابو پا لیا گیا جبکہ انسولیٹڈ تاروں کی کمی کو بھی دور کر دیاگیا ہے۔238,000ڈیفیکٹو میٹرزتبدیل کئے گئے ہیں۔ حافظ میاں نعمان نے بتایا کہ اب جو بھی صارف سنگل فیز یا تھری فیز کنکشن اپلائی کرے گا 8سے 10دن میں اسکا میٹر انسٹال کر دیا جائے گا۔ ہمارے بورڈ کے قیام سے پہلے لیسکو میں 4ماہ کے دوران 5سے6 لاکھ میٹرز کے کنکشنز زیر التواء تھے جبکہ ہمارے بورڈ کی تشکیل نو کے بعد233706نیو میٹرز انسٹال کردئیے گئے ہیں۔ چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز حافظ میاں نعمان کے سامنے اوور بلنگ، ڈیٹیکشن بلزاور خراب میٹرز کی تبدیلی نہ ہونے کی شکایات درج کروائی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری میں میٹرز کی تبدیلی کے حوالے سے موصول شدہ شکایات کے ساتھ ساتھ معمول کی بنیادوں پرآنے والی ایسی شکایات کا بھی فی الفور ازالہ کیا جائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز کاکہنا تھا کچہری لگانے کا مقصد ہی یہی ہے کہ کہ لوگوں کے مسائل کو سنا جاسکے اور ادارے کے معاملات میں بہتری لائی جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق لیسکو ریجن میں رمضان المبارک کے دوران بلا تعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔حافظ میاں محمد نعمان اور کسٹمر سروسز ڈائریکٹرنے کچہری میں لوگوں کے مسائل سنے اور شکایات کے فوری ازالے کے لئے ہدایات جاری کیں۔