نواز شریف کیخلاف سازشی کردار بے نقاب ہو رہے ہیں، سیف الملوک کھوکھر
لاہور(لیڈی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کے ضامن اور قوم کے محسن نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے کردار ایک ایک کر کے بے نقاب ہو رہے ہیں۔پراجیکٹ عمران خان کے ذریعے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملک کی حقیقی سیاسی قیادت کے خلاف جو منفی مہم چلائی گئی وہ دم توڑ چکی ہے،غریب اور مزدور کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھینے والا عمران خان آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے مزدور ں کے نام پر ریلیاں نکال رہاہے، پارلیمنٹ سپریم ہے اس کے منظور کئے گئے قانون پر ہر صورت عملدرآمد کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی آفس میں کارکنوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ عمران خان اور اس کے سہولت کار آج بھی مسلم لیگ (ن) کو دیوار کے ساتھ لگانے کی کوششوں میں مصروف ہیں لیکن انہیں ہر بار کی طرح اس بار بھی منہ کی کھانا پڑے گی۔
نواز شریف کو ایک سازش کے ذریعے وزیر اعظم آفس سے باہر کر کے عوام سے دور کرنے کی کوشش کی گئی،نواز شریف دلوں کے وزیر اعظم ہیں انہیں عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آئین نے پارلیمنٹ کی کوکھ سے جنم لیا ہے،پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے اس لئے سب کو اس کے فیصلوں کے آگے سر تسلیم خرم کرنا ہوگا، پارلیمنٹ سے منظور ہونے والے قانون کو کسی فیصلے کے نتیجے میں ختم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہاکہ ان شا اللہ نواز شریف جلد ملک میں واپس آئیں گے، جب حقیقی لیول پلینگ فیلڈ ہوگا تو عمران خان کو آٹے دال کا بھاؤ معلوم ہو جائے گا۔