نوجوانوں کو پاکستان کیخلاف کرنے کی فارن فنڈ ڈسازش کو ناکام بنائیں گے: مریم نواز
لاہور (جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر وچیف آرگنائزر مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو پاکستان کے خلاف کرنے کی فارن فنڈڈ مہم چلائی جارہی ہے، منظم سازش ناکام بنائیں گے، نوجوان اور خواتین آبادی کو اپنے بہتر مستقبل کے لئے درست سیاسی فیصلے کرنے ہوں گے، نوجوان مستقبل کی قیادت ہیں، انہیں قوم کا معمار، بااختیار بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پارٹی کے سینئر رہنما پرویز رشید بھی موجود تھے۔ اجلاس میں پنجاب بھر میں یوتھ اور خواتین ونگز کی جاری مہم کا جائزہ لیا گیا۔ جبکہ اجلاس میں کیوآر کوڈ کے ذریعے نوجوانوں اور خواتین کی پارٹی میں شمولیت کے عمل کی پیش رفت پر غور ہوا۔ مریم نوازشریف مے پنجاب بھر میں نوجوانوں اور خواتین کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے عمل پراطمینان کا اظہار اور رجسٹریشن میں بھرپور شرکت پر خواتین اور نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہا کہ نوجوان اور خواتین معاشرے میں سب سے زیادہ آبادی رکھنے والے طبقات ہیں، نوجوان اور خواتین کی سیاسی عمل میں شمولیت بڑی تبدیلی لاسکتی ہے، نوجوان اور خواتین آبادی کو اپنے بہتر مستقبل کے لئے درست سیاسی فیصلے کرنے ہوں گے، نوجوانوں کو فیصلہ سازی میں شامل کرنے کا مقصد ان کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو پاکستان سے مایوس کرنے کی منظم سازش ناکام بنائیں گے، نوجوان مستقبل کی قیادت ہیں، انہیں قوم کا معمار، بااختیار بنائیں گے۔نوجوانوں کو پاکستان کے خلاف کرنے کی فارن فنڈڈ مہم چلائی جارہی ہے، خواتین کی سیاسی عمل میں شمولیت سے استحصال کا خاتمہ ہوگا۔مریم نواز شریف نے تمام یوتھ کوآرڈینیٹرز کی کارکردگی اور جذبے کو سراہا۔مریم نواز شریف نے عاشق حسین، اور حنابٹ کی کارکردگی کی تعریف کی۔
مریم نواز